تلنگانہ کے 29 اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی

   

آج اور کل شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا

حیدرآباد 3 اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے 29اضلاع میں آئندہ 48 گھنٹوں میں بارش کا شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں کہاگیا کہ 4اگسٹ سے 29 اضلاع میں بارش کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے جو مانسون کے آخری دور کے سرگرم ہونے کی علامت ہے۔ عام طور پر ماہ اگسٹ اور ستمبر میں موسم باراں کی آخری بارشیں ہوا کرتی ہیں اور اس دوران موسلادھار بارشیں بھی ہوتی ہیں ۔محکمہ موسمیات کا کہنا کہ جاریہ ماہ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور بارشوں کے ساتھ کئی مقامات پر تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ میں جن 29 اضلاع میں آئندہ 48 گھنٹوں میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ان میں حیدرآباد وسکندرآباد‘ رنگاریڈی ‘ میڑچل۔ ملکا جگری ‘ عادل آباد ‘ کمرم بھیم آصف آباد‘ نظام آباد ‘ نرمل ‘ منچریال ‘ راجنا سرسلہ ‘ جگتیال ‘ کریم نگر‘ ورنگل ‘ ملوگو ‘ بھوپل پلی ‘ پدا پلی ‘ کریم نگر‘ سدی پیٹ‘ ونپرتی ‘ ناگرکرنول ‘ کاماریڈی ‘ محبوب نگر ‘ نارائن پیٹ ‘ جوگو لامبا گدوال و دیگر شامل ہیں۔ ماہرین موسمیات کے اعلامیہ میں تلنگانہ کے ان تمام اضلاع کیلئے زرد الرٹ جاری کیاگیا ۔ تمام اضلاع میں تسلسل سے بارشوں کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی۔دونوں شہروں میں اتوار کو دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں معمول سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا اور بعض مقامات پر درجہ حرارت 35 ڈگری کو تجاوز کرچکا تھا جس کے سبب گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا لیکن ماہرین کے مطابق اتوار کی شب یا رات سے دونوں شہروں میں مطلع ابرآلود ہونے کے علاوہ ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے یا بعض علاقوں میں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔خانگی ماہرین کا کہناہے کہ حیدرآبادو سکندرآباد و دیگر اضلاع میں بھی ماہ اگسٹ کے دوران مسلسل بارشیں ہوسکتی ہیں جو کہ ریاست میں مانسون کی بارشوں میں کمی کو پورا کرنے کا مؤجب بنیں گی ۔ماہرین نے پیش قیاسی کی کہ دونوں شہروں اور تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں جاریہ ماہ و ماہ ستمبر کے دوران بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ مانسون کے اختتام سے قبل جنوبی ہند کی ریاستوں میں موسلادھار بارشیں ریکارڈ کی جاتی ہیں۔3