تلنگانہ کے 34 محکمہ جات کو 18 محکموں تک محدود کرنے کا عمل مکمل

,

   

عہدیداران نے چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کی، چندر شیکھر راو کا اظہار اطمینان

حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ کے 34 محکمہ جات کو 18 محکمہ جات تک محدود کرنے کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو ایک رپورٹ پیش کردی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صرف ایک دو تبدیلیاں کرنے کی ہدایت دی ۔ محکمہ جات کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کا کام مکمل ہونے کے بعد ریاست میں تشکیل کابینہ کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ تلنگانہ میں 119 رکن اسمبلی کے لحاظ سے وزارت میں صرف 18 ارکان کو ہی شامل کرنے کی گنجائش ہے ۔ لیکن متحدہ آندھراپردیش میں 294 ارکان اسمبلی کے لحاظ سے 34 محکمہ جات قائم کئے گئے تھے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے سی آر محکمہ تعلیم کی ازسر نو تشکیل چاہتے تھے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی پہلی معیاد میں محکمہ تعلیم کی علحدہ علحدہ وزراتوں کے بجائے ایک ہی وزارت کے تحت تمام محکمہ جات کو لانے کی کوشش کی گئی حکومت کا یہ تجربہ کامیاب رہا جس کے بعد 2018 میں ٹی آر ایس کے دوبارہ اکثریت سے کامیابی کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے کاموں میں تیزی پیدا کرنے اور ایک دوسرے سے جڑے رہنے والے محکمہ جات کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے اور اسی تناسب سے وزارت تشکیل دینے کیلئے جان بوجھ کر وزارت کی تشکیل میں تاخیر کی ۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی کو ان کے منصوبے کے تحت ایک رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی تھی چیف سکریٹری نے ماہرین ریٹائرڈ اعلی عہدیدار اور موجودہ اعلی عہدیداروں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے انہیں محکمہ جات کی ازسرنو تشکیل کرتے ہوئے 15 جنوری تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی تاکہ کمیٹی نے مقررہ وقت سے قبل ہی اپنی سفارشات پر مشتمل ایک رپورٹ چیف منسٹر کو پیش کردی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ زراعت آبپاشی پراجکٹس فلاح و بہبود پنچایت راج ، صنعت ، برقی کلچرل جی اے ڈی ، سڑکیں ، عمارت و شوارع کے علاوہ دوسرے محکمہ جات شامل ہیں ۔ انہیں ایک دوسرے سے جوڑ دیا گیا ہے ۔ ہر محکمہ کیلئے ایک اسپیشل پرنسپل سکریٹری یا پرنسپل سکریٹری رہیں گے ۔ ان کے ماتحت سکریٹریز اور کمشنرس کام کریں گے ۔ محکمہ جات کی ازسرنو تشکیل میں موجودہ محکمہ جات کو گھٹایا نہیں گیا ہے یا پھر کسی محکمہ کو کسی دوسرے محکمہ میں ضم بھی نہیں کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں اور عملے کی تعداد جوں کی توں برقرار رہے گی ۔ عہدیداروں کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ پر چیف منسٹر کے سی آر نے اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ صرف کلچرل ڈپارٹمنٹ کو توسیع دینے محکمہ سیول سپلائیز اور فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو کلچرل ڈپارٹمنٹ کے حدود میں شامل کرنے کی ہدایت دی جس پر عہدیداروں نے فوری عمل کیا ۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے تمام قوانین کا تلگو ترجمہ کرنے اور آئندہ سے تمام احکامات تلگو میں جاری کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ کے سی آر نے عہدیداروں کو بتایا کہ احکامات کی اجرائی انگریزی میں ہونے سے سب اس سے واقف نہیں ہوتے لہذا بزنس رولس کے علاوہ تمام احکامات تلگو میں جاری کرنے اور حال ہی میں منظور کردہ گرام پنچایت قانون کے علاوہ دوسرے تمام قوانین تلگو میں ترجمہ کرنے کی ہدایت دی ۔ ریاست میں محکمہ جات کی ازسر نو تشکیل کے بعد کابینہ کے تشکیل کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ توقع کی جارہی ہے کہ پہلے مرحلے کی کابینہ 18 جنوری کو تشکیل دی جائے گی ۔ جس میں 8 وزراء کو شامل کیا جائے گا ۔