تلنگانہ کے 5 اہم بلدیات کے انتخابات پر حکم التواء

   

Ferty9 Clinic

تا حکم ثانی انتخابات منعقد نہ کرنے عدالت کے احکام جاری
حیدرآباد۔31جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاست تلنگانہ کی 5 اہم سرکردہ بلدیات کے انتخابات پر حکم التواء عائد کرتے ہوئے تا حکم ثانی انتخابات منعقد نہ کرنے کے احکام جاری کئے ہیں۔ ضلع محبوب نگر میں واقع محبوب نگر‘ مکتھل‘ کلواکرتی‘ ونپرتی اور گدوال کے بلدی انتخابات کے سلسلہ میں عدالت نے حکم التواء جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات کے انعقاد میں عجلت نہ کی جائے اور تا حکم ثانی ان بلدیات کے انتخابات پر کوئی اعلامیہ جاری نہ کیا جائے۔تلنگانہ ہائی کورٹ نے کانگریس کے علاوہ دیگر تنظیموں کی جانب سے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے حلقہ جات کی حد بندی اور فہرست رائے دہندگان کے سلسلہ میں اعتراضات کے حوالہ دیتے ہوئے داخل کی گئی درخواست پر کاروائی کرتے ہوئے یہ احکام جاری کئے ہیں۔درخواست گذاروں نے عدالت میں داخل کردہ درخواست میں اس بات کی جانب سے نشاندہی کی ہے کہ عہدیداروں کی جانب سے جو وارڈ کی فہرست جاری کی گئی ہیں اور محفوظ وارڈس کے سلسلہ میں جو اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اس پر ان کو اعتراض ہے جو کہ قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف ہے ۔تلنگانہ ہائی کورٹ نے گذشتہ یوم مقدمہ کی سماعت کے دوران تا حکم ثانی ان 5 بلدیات کے انتخابات پر حکم التواء عائد کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت کی اگلی تاریخ آئندہ ہفتہ رکھنے کا اعلان کیا اور مقدمہ کی سماعت کو ایک ہفتہ تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔