تلنگانہ کے 87 ڈگری کالجس میں صفر داخلے

   

200 کالجس میں داخلے پچیس فیصد تک محدود ، کنوینر دوست کونسلنگ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ کے ڈگری کالجوں میں داخلوں کے لیے منظم کردہ ’ دوست کونسلنگ ‘ کے تیسرے مرحلہ کا اختتام عمل میں آنے کے بعد ریاست کے مختلف مقامات پر پائے جانے والے 87 ڈگری کالجوں میں داخلے صفر رہے ۔ کوئی ایک طالب علم نے بھی ان 87 کالجوں میں داخلہ نہیں لیا ۔ اور زائد از 200 ڈگری کالجوں میں 25 فیصد سے بھی کم داخلے عمل میں آئے ۔ کنوینر دوست کونسلنگ مسٹر لمبادری نے یہ بات بتائی اور کہا کہ انٹر میڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے تاخیر سے انعقاد عمل میں آنے اور نتائج میں ہونے والی تاخیر کے باعث ڈگری کالجوں میں داخلوں کا فیصد انتہائی مایوس کن ثابت ہورہا ہے اور اگر آئندہ چند دنوں کے دوران انٹر میڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانی نتائج جاری ہونے کے بعد شاید ڈگری کالجوں میں داخلوں کے لیے طلباء وطالبات پہل کرنے کی صورت میں ڈگری کالجوں میں داخلوں کے فیصد میں اضافہ ممکن ہوسکے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ ماہ 8 اور 9 جولائی کو تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم اور کالجیٹ ایجوکیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر ’ اعلیٰ تعلیم ‘ کے موضوع پر قومی کانفرنس کا حیدرآباد میں انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ مسٹر لمبادری نے بتایا کہ ڈگری کالجوں میں داخلوں سے متعلق انٹر میڈیٹ سپلیمنٹری امتحانی نتائج کا اعلان ہونے کے بعد ہی داخلہ اعلامیہ جاری کیے جانے پر سنجیدگی سے غور کیا جائیگا ۔۔