تلنگانہ گزیٹیڈ و نان گزیٹیڈ ملازمین تنظیموں کی چیف منسٹر سے ملاقات

   

نئے زونل سسٹم کا خیرمقدم، روزگار میں مقامی امیدواروں کو انصاف ملے گا
حیدرآباد: 13 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ این جی اوز کے قائدین نے چیف منسٹر چندر شیکھر رائو سے ملاقات کی اور سرکاری جائیدادوں میں مقامی افراد کو فائدہ پہنچانے نیا زونل سسٹم متعارف کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی منظوری حاصل کرکے ئے 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے این جی اوز قائدین نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ تلنگانہ این جی اوز قائدین نے پرگتی بھون میں چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ این جی اوز صدر ایم راجندر، جنرل سکریٹری پرتاپ، تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کی صدر شریمتی ممتا، جنرل سکریٹری ستیہ نارائن نے وزیر سیاحت سرینواس گوڑ کے ہمراہ چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ گزیٹیڈ آفیسرس اور نان گزیٹیڈ آفیسرس نے امید ظاہر کی کہ 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات سے تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔ واضح رہے کہ حکومت نے تقررات کے لیے حال ہی میں نئے زونل سسٹم کا تعین کیا ہے۔ مرکز کی جانب سے اس کی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ اسی دوران ورنگل کے قائدین نے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے ورنگل اربن ضلع کو ہنمنکنڈہ اور ورنگل رورل ضلع کو ورنگل کا نام دیئے جانے پر اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے اپنے حالیہ دورہ ورنگل کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ ورنگل اربن ضلع کا نام ہنمکنڈہ رکھا جائے گا جبکہ ورنگل رورل کو ورنگل ضلع کا نام دیا جائے گا۔ مقامی عوامی نمائندوں کے اثرار پر چیف منسٹر نے یہ تیقن دیا تھا۔ چیف منسٹر کے وعدے کے مطابق سرکاری احکامات کل جاری ہوچکے ہیں۔ ریاستی وزیر پنچایت راج ای دیاکر رائو، سابق ڈپٹی چیف منسٹر ٹی راجیہ کے علاوہ ارکان مقننہ این نریندر، شنکر نائک اور اے رمیش نے چیف منسٹر سے ملاقات کی۔