مصیبت زدہ خواتین کیلئے مددگار، محکمہ بہبود خواتین سے 15 کروڑ کی منظوری
حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) مصیبت زدہ خواتین کیلئے مددگار اور انہیں حوصلہ فراہم کرنے والے بھروسہ سنٹرس کو اب ریاست بھر میں توسیع دی جارہی ہے۔ ریاست تلنگانہ کے ہر ضلع میں بھروسہ سنٹر کو قائم کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ جاریہ سال اس مشن کی تکمیل کیلئے محکمہ بہبود خواتین و اطفال کی جانب سے 15 کروڑ روپئے دیئے جائیں گے۔ تلنگانہ میں بھروسہ سنٹرس فی الحال 12 اضلاع میں زیر تعمیر ہیں اور ان بھروسہ سنٹرس کو ہر ضلع میں تعمیر کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مصیبت زدہ خواتین و لڑکیوں، شادی خواتین کیلئے بھروسہ سنٹرس امید کی کرن ہیں۔ مایوسی اور بے بسی کا شکار خواتین کو ان سنٹرس سے زندگی بسر کرنے کا حوصلہ اور اس بات کا بھروسہ دلایا جاتا ہے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ اس طرح کے مراکز کی ملک بھر میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ گھریلو تشدد، چھیڑ چھاڑ۔ جنسی ہراسانی، اذیت رسانی جیسے مسائل کا شکار کی ان مراکز سے رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں راحت فراہم کی جارہی ہے اور ریاست کی اکثر خواتین جو ظلم و زیادتی، جبر و ہراسانی اور اذیت رسانی کا شکار ہیں وہ کہتی ہیں کہ انہیں بھروسہ ہے، بھروسہ سنٹرس پر۔ بھروسہ سنٹرس سے قبلریاست میں خواتین کو صرف خواتین پولیس اسٹیشنوں پر ہی انحصار کرنا پڑتا تھا اور اگر کیس بھی درج ہوتا تو پھر بھی قانونی مسائل کو خود شکایت گذار ہی کو برداشت کرنا پڑتا تھا اور یہ اقدامات متاثرین کیلئے بہت زیادہ تکلیف کا سبب بن رہے تھے۔ اس طرح متاثرین کی مدد اور انہیں حوصلہ فراہم کرنے کی غرض سے ریاستی حکومت نے خواتین کو ہر لحاظ سے مدد کرنے اور راحت فراہم کرنے کا ارادہ کرلیا اور بھروسہ سنٹرس کا قیام عمل میں لایا گیا اور اب ہرضلع میں بھروسہ سنٹر کو قائم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ع