تلنگانہ 9 سال کے عرصہ میں معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم

   

محبوب نگر میں یوم تاسیس تقریب، ریاستی وزیر سیاحت ڈاکٹر وی سرینواس گوڑ و دیگر کی مخاطبت

محبوب نگر ۔ 2 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 9 سال کے مختصر سے عرصہ میں ریاست تلنگانہ معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم ہوکر کھڑی ہے۔ کوئی ایک شعبہ نہیں بلکہ ہر ہر شعبہ میں ترقی کی ایک زبردست مثال ہے۔ ملک کی اوسط آمدنی سے ریاست کی آمدنی دگنی ہے۔ ترقی کے ثبوت کے لئے یہ بہت کافی ہے، ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر آبکاری و سیاحت ڈاکٹر وی سرینواس گوڑ نے آج مستقر محبوب نگر کے جدید کلکٹریٹ میں کیا۔ وہ تلنگانہ کی یوم تاسیس کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ ریاستی وزیر نے قبل ازیں آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز سے متصل شہیدائے تلنگانہ کی یادگار پہنچے اور خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ برقی کے استعمال میں بھی ہماری ریاست کو منفرد مقام حاصل ہے۔ دھان کی خریداری میں ملک میں پہلا مقام بھی ہم نے حاصل کیا۔ انہوں نے ریاست میں جاری فلاحی اسکیمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ رعیتو بندھو، رعیتو بیمہ، کے سی آر کٹس، نیوٹریشن کٹس، ماں کی گود، کلیانہ لکشمی، شادی مبارک، آسراپنشن، دلت بندھو کے علاوہ تمام مذاہب اور طبقات کے لئے عمارتوں کی تعمیر کمیونٹی ہالس، ہاسٹلس کے طلبا کو معیاری غذا کی فراہمی، ہر ضلع کے لئے ایک میڈیکل کالج اور کئی ایک اسکیمات و ترقیات کی ملک کے باہر سے بھی زبردست ستائش کی جارہی ہے۔ زراعت، صحت وطب، تعلیم، صنعتیں، ویلفیر اور تقریباً تمام شعبہ جات میں ضلع محبوب نگر میں 9 سال میں کافی ترقی کرچکا ہے۔ آئندہ ضلع کی ترقی کے لئے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کا اشتراک ضروری ہے۔ ریاستی وزیر نے اس موقع پر اسکولی طلباء کے کلچرل پروگرام اور تصویری نمائش کا مشاہدہ کیا جو مختلف محکموں کے زیر اہتمام تیار کی گئی تھی۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیرپرسن سورنا سدھاکر ریڈی، جڑچرلہ ایم ایل اے لکشما ریڈی، دیورکدہ ایم ایل اے آر وینکٹیشورریڈی، ضلع کلکٹر روی نائک، ضلع ایس پی نرسمہا، ایڈیشنل کلکٹر سیتاراما راؤ، موڈا چیرمین گنجی وینکنا، میونسپل چیرمین نرسمہلو لائبریریز چیرمین راجیشور گوڑو دیگر عہدیداران و نمائندے موجود تھے۔