تلگودیشم کا یوم تاسیس، این ٹی آر بھون میں تقریب

   

تلنگانہ کا تعلیم یافتہ طبقہ حکومت کے خلاف، ایل رمنا اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کا 38 واں یوم تاسیس آج این ٹی آر بھون میں منایا گیا۔ اس موقع پر تلنگانہ تلگودیشم قائدین نے بانی تلگودیشم این ٹی راما رائو کے مجسمہ پر پھول نچھاور کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا نے پارٹی پرچم لہرایا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلمی دنیا میں ناقابل تسخیر اداکار کا مقام رکھنے کے باوجود عوامی خدمت کے جذبے سے این ٹی آر نے تلگودیشم پارٹی کا قیام عمل میں لایا تھا۔ انہوں نے پارٹی سے وابستہ قائدین اور کارکنوں کے علاوہ پارٹی کے استحکام کے لیے تعاون کرنے والوں سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ تلگودیشم نے کئی قائدین کو ابھارا جنہوں نے ریاستی اور قومی سطح پر نام کمایا۔ ایل رمنا نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو غیر دستوری اقدامات کے ذریعہ اپوزیشن کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن ارکان اسمبلی کے انحراف کا حوالہ دیا اور کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کا اہم رول ہوتا ہے اور مضبوط اپوزیشن حکومت کی بہتر کارکردگی میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ رمنا نے کہا کہ کونسل کے انتخابات میں ٹی آر ایس کے تائیدی امیدواروں کی شکست حکومت سے عوامی ناراضگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریجویٹ زمرے میں جگتیال سے تعلق رکھنے والے سینئر قائد ٹی جیون ریڈی کی شاندانر کامیابی تعلیم یافتہ اور دانشور طبقے میں حکومت سے ناراضگی کا کھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں کے سی آر نے تلنگانہ کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں کے سی آر آمرانہ حکومت کے خاتمہ کے لیے جمہوری اور سکیولر طاقتوں کو متحد ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر 16 ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ مرکز میں اہم رول ادا کرنے کا دعوی کررہے ہیں، جو مضحکہ خیز ہے۔ رکن پولیٹ بیورو آر چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ وہ موجودہ سیاسی تبدیلیوں سے ہرگز متاثر نہیں ہوں گے اور تلگودیشم پارٹی سے ان کی وابستی برقرار رہے گی۔ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ای پیدی ریڈی قومی ترجمان اے کمار گوڑ اور ریاستی نائب صدر آر لکشمن نائک نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر قائدین اور مختلف محاذی تنظیموں کے عہدیدار موجود تھے۔