تلگودیشم کو اکثریت حاصل نہیں ہوگی تویہ میرا آخری الیکشن ہوگا: چندرا بابو نائیڈو

   


دادا گری کے معاملے میں جگن موہن ریڈی نے داؤد ابراہیم کو پیچھے چھوڑ دیا۔ روڈ شو سے خطاب
حیدرآباد۔/17 نومبر، ( سیاست نیوز) سربراہ تلگودیشم و سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے سنسنی خیز اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر 2024 کے عام انتخابات میں آندھرا پردیش میں تلگودیشم پارٹی کو اقتدار حاصل نہیں ہوگا تو یہ ان کا آخری الیکشن ہوگا۔ انہوں نے کل ضلع کرنول میں منعقدہ روڈ شو میں جذباتی ہوکر عوام سے خطاب کیا۔ واضح رہے کہ ماضی میں اسمبلی میں ان کی شریک حیات کی توہین کرنے پر چندرا بابو نائیڈو نے دوبارہ اقتدار حاصل ہونے پر ہی اسمبلی میں قدم رکھنے کا عہد کیا تھا اور تب سے انہوں نے اسمبلی اجلاس سے اپنے آپ کو دوررکھا ہے۔ آندھرا پردیش میں تلگودیشم پارٹی کو مستحکم کرنے اور وائی ایس آر کانگریس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرتے ہوئے احتجاجی پروگرامس سے خطاب کرتے ہوئے مسلسل عوام کے درمیان میں پہنچ رہے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ آئندہ منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ہوگا۔ دوبارہ اسمبلی میں قدم رکھنا، سیاست میں برقرار رہنا، آندھرا پردیش کی ترقی میں کردار ادا کرنا سب کچھ انتخابات کے نتائج پر منحصر ہے۔ اگر تلگودیشم پارٹی کو حکومت تشکیل دینے کیلئے اکثریت حاصل نہیں ہوتی تو یہ ان کا آخری الیکشن ہوگا۔ روڈ شو میں چندرا بابو نائیڈو کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے عوام اُمڈ پڑے۔ بڑے پیمانے پر نوجوان، خواتین اور لڑکیاں چندرا بابو نائیڈو سے سیلفی لینے اور ویڈیو شوٹ کرانے کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہے تھے جس پر پولیس نے عوام پر لاٹھی چارج کردیا جس پر چندرا بابو نائیڈو نے پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو نقصان پہنچانے پر چمڑی اُدھیڑ دینے کا انتباہ دیا۔ سربراہ تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو نے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر پارٹی حکومت کی غلط پالیسیوں سے ریاست میں 6 ہزار اسکولس بند ہوگئے۔4 لاکھ طلبہ نے تعلیم ترک کردی۔ ابھی تک ٹیچرس کی ایک جائیداد پر بھی تقررات نہیں کئے گئے، رائلسیما میں ایک بھی کمپنی قائم نہیں ہوئی۔ ریاست قرضوں میں مبتلاء ہوگئی، داداگری حکمرانی میں جگن موہن ریڈی نے داؤد ابراہیم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔ واضح رہے کہ چندرا بابو نائیڈو ضلع کرنول کے سہ روزہ دورہ پر ہیں جہاں عوام ان کا والہانہ خیرمقدم کررہے ہیں۔ن