تلگو ریاستوں میں انڈے کی قیمت میں اضافہ ، عوام پریشان

   

Ferty9 Clinic

ریٹیل مارکٹ میں 8 تا 10 روپئے ، برڈ فلو کے باعث پیداوار میں کمی

حیدرآباد ۔ 24۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلگو ریاستوں میں سردی کی لہر اور فیسٹیول سیزن کے سبب انڈے کی مانگ میں اضافہ کا اثر عوام پر بوجھ کی صورت میں دیکھا جارہا ہے۔تلنگانہ اور آندھراپردیش کا شمار ملک میں انڈے کی پیداوار میں سرفہرست ریاستوں میں ہوتا ہے لیکن دونوں ریاستوں میں انڈے کی قیمت ہول سیل 7.4 روپئے تک پہنچ چکی ہے جبکہ ریٹیل مارکٹ میں فی انڈا 8 روپئے سے تجاوز کرچکا ہے۔ بعض علاقوں میں انڈے کی قیمت 10 روپئے ہوچکی ہے۔ ہول سیل مارکٹ میں فی انڈا 4.5 روپئے سے بڑھ کر 6 روپئے تک پہنچ چکا ہے جبکہ ریٹیل قیمت 8 تا 10 روپئے وصول کی جارہی ہے ۔ پولٹری ٹریڈرس اسوسی ایشن کے مطابق مزید ایک ماہ تک قیمتوں میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ موسم سرما میں عام طور پر انڈے کے استعمال میں اضافہ ہوتا ہے اور فی الوقت فیسٹیول سیزن بھی جاری ہے ۔ گزشتہ سال برڈ فلو کے نتیجہ میں کئی کسانوں نے انڈے کی پیداوار میں کمی کردی جس کا اثر آج تک برقرار ہے۔ آندھراپردیش میں روزانہ تقریباً 5 کروڑ انڈوں کی پیداوار ہے جہاں سے شمال مشرقی ریاستوں کو سربراہ کیا جاتا ہے۔ تاجرین نے دیگر ریاستوں کی سربراہی میں کمی کردی ہے۔ امراوتی کے پولٹری ٹریڈرس نے قیمتوں میں اضافہ کے رجحان کو برڈ فلو بحران کا نتیجہ قرار دیا ۔ آندھراپردیش میں فروری اور اپریل کے دوران 8 اضلاع برڈ فلو سے بری طرح متاثر ہوئے تھے جس کے نتیجہ میں پولٹری انڈسٹری کو بھاری نقصان پہنچا۔ تاجروں کا ماننا ہے کہ مزید دو ماہ تک قیمتوں میں کمی کا امکان نہیں۔ فیسٹیول سیزن اور سرما کی شدت میں کمی پر قیمتوں میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔ حیدر آباد میں بھی ریٹیل مارکٹ میں انڈے کی اضافی قیمت نے غریب اور متوسط خاندانوں کے ماہانہ اخراجات میں اضافہ کردیا۔1