وجئے واڑہ میں پارٹی قائدین کا اجلاس، تلنگانہ میں 15 دن یاترا جاری رہے گی
حیدرآباد۔/20 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تلگو ریاستوں میں راہول گاندھی کی ’ بھارت جوڑو‘ یاترا کو کامیاب بنائیں۔ اتم کمار ریڈی کو تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں بھارت جوڑو یاترا کیلئے اے آئی سی سی کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ آج وجئے واڑہ میں پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر کارکن کی ذمہ داری ہے کہ وہ یاترا کی کامیابی کیلئے مساعی کریں۔ انہوں نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں بھارت جوڑو یاترا کے پروگرام کی تفصیلات سے قائدین کو واقف کرایا۔انہوں نے کہا کہ 20 اکٹوبر کو ’ بھارت جوڑو یاترا ‘ کرناٹک سے آندھرا پردیش میں داخل ہوگی۔ آندھرا پردیش کے تمام قائدین اور کارکنوں کو متحد ہوکر یاترا میں شرکت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ 3500 کیلو میٹر طویل یاترا کے تحت150 دنوں میں 12 ریاستوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ آندھرا پردیش میں یہ یاترا 4 دن تک جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 24 اکٹوبر کو یاترا تلنگانہ میں داخل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے قائدین اور کارکنوں نے ابھی سے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ یاترا کا اہم نعرہ ’’ بھارت جوڑو اور نفرت چھوڑو ‘‘ رکھا گیا ہے۔ یاترا کے ذریعہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی عوام میں پھوٹ پیدا کرنے والی سیاست کو عوام میں بے نقاب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 13 دنوں میں یاترا کو غیر معمولی عوامی تائید حاصل ہوئی ہے اور 280 کیلو میٹر کی یاترا مکمل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے دوران آندھرا پردیش میں راہول گاندھی تنظیم جدید قانون میں تلگو ریاستوں سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل کا مسئلہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد راہول گاندھی کا اب تک کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 15 دن تک یاترا جاری رہے گی اور 4 لوک سبھا اور 9 اسمبلی حلقہ جات کے تحت 366 کیلو میٹر کا احاطہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر شیلجا ناتھ اور سابق وزراء اور ارکان اسمبلی کے علاوہ ضلع کانگریس صدور نے شرکت کی۔ر