تلگو ریاستوں میں کونسل کی انتخابی مہم کا اختتام، کل رائے دہی

   

تلنگانہ میں گریجویٹ نشست پر کانگریس اور بی جے پی میں کانٹے کی ٹکر، پرامن ووٹنگ کیلئے الیکشن کمیشن کی مساعی
حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) تلگو ریاستوں میں قانون ساز کونسل کی 6 نشستوں کی انتخابی مہم آج اختتام کو پہنچی۔ دونوں ریاستوں میں رائے دہی 27 فروری کو مقرر ہے۔ آندھرا پردیش میں گریجویٹ زمرہ کی 2 اور ٹیچرس زمرہ کی ایک جبکہ تلنگانہ میں گریجویٹ زمرہ کی ایک اور ٹیچرس زمرہ کی 2 ایم ایل سی نشستوں کیلئے الیکشن کمیشن نے رائے دہی کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ مذکورہ 6 نشستوں پر موجودہ ارکان کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے۔ تلنگانہ میں میدک، نظام آباد، عادل آباد اور کریم نگر اضلاع پر مشتمل گریجویٹ نشست پر ٹی جیون ریڈی کی میعاد کی تکمیل کے سبب انتخابات ہورہے ہیں۔ میدک ، نظام آباد، عادل آباد اور کریم نگر ٹیچرس نشست پر کے رگھوتم ریڈی اور ورنگل ، کھمم، نلگنڈہ ٹیچرس نشست پر اے نرسی ریڈی کی میعاد ختم ہورہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں اور مبصرین کا تقرر کیا گیا۔ رائے دہی 27 فروری کو صبح 8 تا سہ پہر 4 بجے ہوگی جبکہ رائے شماری اور نتیجہ کا اعلان 3 مارچ کو رہے گا۔ گریجویٹ نشست پر کانگریس اور بی جے پی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔ بی جے پی تمام تینوں نشستوں پر مقابلہ کررہی ہے جبکہ کانگریس صرف گریجویٹ نشست سے مقابلہ میں ہے۔ ٹیچرس نشستوں پر کانگریس نے ٹیچرس تنظیموں کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ انتخابی مہم کے آخری وقت تک بھی کانگریس اور بی جے پی کے سرکردہ قائدین نے رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں نے مہم میں حصہ لیا جبکہ بی جے پی کی مہم میں مرکزی وزراء کشن ریڈی اور بنڈی سنجے کمار پیش پیش رہے۔ بی جے پی کے تمام ارکان پارلیمنٹ بھی مہم میں شامل رہے۔ گریجویٹ نشست سے جملہ 56 امیدوار میدان میں ہیں۔ رائے دہندوں کی تعداد 355159 ہے۔ کانگریس سے نریندر ریڈی اور بی جے پی سے انجی ریڈی مقابلہ کررہے ہیں۔ کانگریس ٹکٹ سے محرومی پر اسسٹنٹ پروفیسر پرسنا ہری کرشنا نے بی ایس پی کے ٹکٹ پر جبکہ بی آر ایس کے سابق میئر کریم نگر سردار رویندر سنگھ آل انڈیا فارورڈ بلاک پارٹی سے مقابلہ کررہے ہیں۔1