مرکز کو نوٹس کی اجرائی ، اندرون 4 ہفتے حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔13 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلگو ریاستوں کی اسمبلی نشستوں میں اضافہ کے مسئلہ پر سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کی ہے۔ اندرون چار ہفتہ حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ جموں و کشمیر ، آندھراپردیش اور تلنگانہ میں اسمبلی حلقہ جات کی از سر نو حدبندی کے مسئلہ پر دائر کردہ درخواست کی سپریم کورٹ میں سماعت کی گئی۔ مرکز نے جواب داخل کرنے کیلئے عدالت سے وقت مانگا ہے۔ آندھراپردیش میں اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 175 سے بڑھاکر 225 اور تلنگانہ میں 119 سے بڑھاکر 153 کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست داخل کی گئی۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کا تیقن دیا گیا تھا لیکن ابھی تک یہ کارروائی شروع نہیں ہوئی۔ پروفیسر کے پروشوتم ریڈی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی۔ واضح رہے کہ اس مسئلہ پر ستمبر میں سماعت مقرر تھی اور آندھراپردیش کے علاوہ تلنگانہ اور مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کی گئی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا سے وضاحت طلب کی گئی۔ جموں و کشمیر میں مرکز نے اسمبلی نشستوں کی حدبندی کا کام مکمل کرلیا ہے ۔ تلگو ریاستوں کی اسمبلی نشستوں کے بارے میں مرکزی حکومت کے موقف پر تمام جماعتوںکی نظریں ہیں۔ لوک سبھا میں مرکز کی جانب سے جواب دیا گیا تھا کہ 2016 ء کے بعد اسمبلی حلقوں کی نئی حدبندی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ر