تلگو ٹی وی اداکارہ شراونی کی پھانسی لیکر خودکشی

   

حیدرآباد: تلگو ٹی وی کی مشہور اداکارہ کے شراونی نے اپنے فلیٹ میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ ایس آر نگر پولیس کے بموجب اداکارہ نے منگل کی رات دیر گئے اپنے فلیٹ کے باتھ روم میں خودکشی کرلی ۔ 26 سالہ شراونی کا تعلق آندھراپردیش کے ضلع مغربی گوداوری سے ہے اور اس نے گزشتہ 8 سالوں میں تلگو کے کئی مشہور سیریلوں میں کام کیا ہے لیکن اس کی اچانک موت کے نتیجہ میں اداکارہ کے ارکان خاندان نے اس کے بوائے فرینڈ دیوراج پر شبہ ظاہر کیا ہے ۔ پولیس نے بتایا ہے کہ شراونی کی دوستی دیوراج نوجوان سے ٹک ٹاک پر ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان قربت بھی پائی جاتی تھی۔ شراونی کی اچانک خودکشی نے کئی سوال کھڑے کردیئے ہیں اور متوفی کے افراد خاندان نے دیوراج پر رقومات حاصل کرنے کیلئے دباؤ اور بلیک میلنگ کا الزام عائد کیا ہے ۔ پولیس نے اداکارہ کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور بعد ازاں ورثاء کے حوالے کردیا گیا ۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ شراونی نے دیوراج کو گوگل پے کے ذریعہ ایک لاکھ روپئے حوالے کئے تھے۔ پولیس نے دیوراج کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 306 (خودکشی کیلئے آمادہ کرنا) کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔