حیدرآباد3 اکتوبر (یواین آئی) وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے کہا ہے کہ تلگو پارٹی جلد ہی قومی سیاست میں تاریخ رقم کرے گی۔انہوں نے ملک بھر میں تلگو فلموں کے ریکارڈ بنائے جانے کے رجحان کا حوالہ دیا اور کہاکہ عوام کو چاہئے کہ وہ ایسی کوششوں کیلئے تعاون کریں۔ انہوں نے کریم نگر امبیڈکر اسٹیڈیم میں کریم نگر کلااتسو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کی حکمران جماعت ٹی آرایس جس کا قیام 27اپریل 2001کو عمل میں لایاگیا تھا، نے 17مئی کو کریم نگر ضلع میں سمہاگرجنا جلسہ عام منعقد کیاتھا۔انہوں نے کہاکہ کریم نگر کے عوام کی حمایت سے ہی علحدہ ریاست تلنگانہ حاصل کی گئی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی جانب سے کریم نگرضلع میں لئے گئے فیصلہ نے تاریخ بنائی ہے ۔انہوں نے عوام سے تعاون کی درخواست کی تھی۔انہوں نے لوک فنکاروں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ حکومت، فنکاروں کی مدد کرے گی۔