تل ابیب میں موساد مرکز پر ایرانی حملہ ‘مزید کئی دھماکے

,

   

تہران : /17 جون (ایجنسیز) ایران کی جانب سے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں واقع اسرائیلی انٹلیجنس ایجنسی ’موساد‘ کے مرکز پر حملے کا دعویٰ سامنے آیا ہے ۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ کارروائی پاسدارانِ انقلاب نے منگل کے روز کی ۔ اسرائیلی پولیس نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایران سے داغے گئے میزائلوں کے نتیجے میں تل ابیب میں کئی دیگر مقامات پر دھماکوںکی آوازیں سنائی دیں ۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ میزائل حملوں کے بعد پورے اسرائیل میں خطرے کے سائرن بجائے گئے ۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے مزید میزائل حملوں کی لہر کی بھی تصدیق کی ہے ۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی ’’ارنا‘‘ کے مطابق ایک اعلیٰ فوجی کمانڈر نے کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں حملے مزید شدت اختیار کریں گے ۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تل ابیب ، یروشلم اور حیفا میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گیئں ۔ جنرل کیومرث حیدری کے مطابق تباہ کن ڈرونز نے اسرائیل میں اہم فوجی اور اسٹریٹیجک تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا ۔ اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ تل ابیب کے مختلف علاقوں میں گرنے والے میزائلوں اور ان کے ٹکڑوں سے مالی نقصان ہوا ہے ۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔ بم ڈسپوزل یونٹس اور سیکوریٹی فو رسز متاثرہ علاقوں کو محفوظ بنانے میں مصروف ہیں ۔ فائر بریگیڈکو دیگر علاقوں میں میزائل گرنے اور آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے 18 میزائلوں میں سے 14 کو فضاء میں تباہ کردیا گیا ، جبکہ باقی پانچ میزائل شمالی اور وسطی اسرائیل میں اپنے اہداف پر گرے ، جن سے نقصان ہوا ۔ ریسکیو اداروں کے مطابق ان حملوں میں زخمیوں کی تعداد 10 تک جاپہنچی ہے ۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق تقریباً 30 میزائیل ایک ہی وقت میں داغے گئے جن میں سے کئی وسطیٰ اسرائیل میں گرے اور ہرٹزیلیا شہر کی ایک رہائشی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا ۔ اسرائیلی فضائیہ نے جوابی کارروائی میں ایران کے مغربی علاقوں میں کئی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے دوران 30 سے زائد ایرانی ڈرونز کو تباہ کیا گیا ۔ فوجی بیان کے مطابق اسرائیل نے ایران کے میزائیل لانچنگ سائٹس ، میزائیل ڈپوؤں اور ڈرون مراکز پر حملے کئے ۔