حیدرآباد، 4دسمبر(یواین آئی)تمام ریلوے اسٹیشنوں پر جلد ہی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا ساوتھ سنٹرل ریلوے منصوبہ رکھتا ہے ۔چوری، منشیات کی اسمگلنگ جیسے واقعات کوروکنے ساوتھ سنٹرل ریلوے ایم ایم ٹی ایس سمیت تمام ریلوے اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا منصوبہ ہے ۔ کیمرے لگانے کی ذمہ داری ایک ادارہ کو دی گئی ہے ۔توقع ہے کہ چند دنوں میں کام شروع کردیاجائیگا۔جہاں کہیں بھی جرائم پیش آتے ہیں وہاں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ ان کو حل کیاجاتا ہے ۔ ریلوے اسٹیشنوں کے بکنگ کاونٹرس ، باب الداخلہ،پلیٹ فارمس، فُٹ اووربریجس پر کیمروں کے نتیجہ میں ریلوے پولیس چوکسی کا مظاہرہ کرکے جرائم میں ملوث افراد کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کررہی ہے تاہم بعض ایم ایم ٹی ایس اسٹیشنوں سمیت اضلاع کے اسٹیشنس پر مکمل سی سی کیمرے نہ ہونے سے مشکلات ہو رہی ہیں۔چوری، اسمگلنگ کی روک تھام میں مشکلات کا سامنا ہے ۔منچریال میں 26، ورنگل میں 16،لنگم پلی میں 36،بیگم پیٹ اسٹیشن میں 20سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا منصوبہ ہے ۔ہر اسٹیشن میں سہولتوں میں اضافہ کیلئے ساوتھ سنٹرل ریلوے توجہ مرکوز کررہا ہے ۔سکندرآباد جیسے بڑے ریلوے اسٹیشن سمیت چھوٹے اوراوسط درجہ کے اسٹیشنوں میں بڑے پیمانہ پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔پرائیویٹ کمپنی کویہ ٹنڈرحاصل ہوا ہے ۔کچھ ہی دنوں میں کیمروں کی مکمل طورپر تنصیب کا کام کرلیاجائے گا۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے عہدیدار نے کہا کہ انٹی گریٹی سیکوریٹی سروے لینس کے سلسلہ میں پہلے ہی بڑے اسٹیشنوں میں تین سطحوں پر یہ کیمرے لگائے گئے ہیں۔