مکہ مسجد میں نماز جنازہ کیلئے جمعہ کی طرز پر انتظامات ، ایک لاکھ افراد کی شرکت متوقع
حیدرآباد : /17 جنوری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں گزشتہ نصف صدی کے دوران دیکھے جانے والے تاریخی جلوس جنازہ و نماز جنازہ کیلئے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کی سرکاری اعزازات کے ساتھ تجہیز و تکفین کے سلسلہ میں وسیع انتظامات کو مکمل کرلیا گیا ہے ۔ غسل ، جلوس جنازہ کے علاوہ نماز جنازہ کیلئے محکمہ پولیس ، محکمہ اقلیتی بہبود اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کی راست نگرانی میں چومحلہ پیالس و مکہ مسجد میں بڑے پیمانے پر انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں ۔ محکمہ پولیس کی خفیہ ایجنسیوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر مکہ مسجد میں زائد از ایک لاکھ افراد کیلئے انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ مہتمم مکہ مسجد جناب عبدالقدیر صدیقی نے بتایا کہ /18 جنوری کو بعد نماز عصر مکرم جاہ بہادر کی نماز جنازہ و تدفین کیلئے انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں اور نماز عصر کیلئے جمعہ کی طرز پر مسجد کے صحن میں جائے نمازوں کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ تجہیز و تکفین کے امور کوکسی بھی طرح کی بدنظمی سے محفوظ رکھنے کیلئے مقبرہ آصف جاہی سلاطین کے اطراف خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ علاوہ ازیں دوران تدفین آصف جاہی مقبروں میں افراد خاندان کے علاوہ کسی کو داخلہ کی اجازت نہ دیئے جانے کے سلسلہ میں ٹرسٹ کی جانب سے انتظامات کو ممکن بنایاجارہا ہے ۔ عبدالقیوم خان مشیر ریاستی حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے ماتحت ملازمین کے ساتھ تجہیز و تکفین کے علاوہ جلوس جنازہ اور نماز جنازہ میں موجود رہیں۔ علاوہ ازیں مکہ مسجد میں نماز عصر کے دوران خصوصی انتظامات کے سلسلہ میں مسجد کے عملہ و ملازمین کو ہدایت دی گئی ہے ۔ شہریوں کا تاثر ہے کہ گزشتہ نصف صدی میں کسی جنازہ میں اتنا بھاری مجمع نظر نہیں آیا ہوگا جو مکرم جاہ بہادر کے جنازہ میں موجود رہنے کا امکان ہے ۔ مکرم جاہ بہادر کے جسد خاکی کو حیدرآباد لائے جانے کے ساتھ ہی چومحلہ پیالس پہنچ کر آخری دیدار کرنے اور خراج پیش کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا ۔ رات دیر گئے افراد خاندان کے علاوہ عوام کی چومحلہ پیالس میں داخلے کی کوششوں کو دیکھتے ہوئے ایچ ای ایچ دی نظام ٹرسٹ اوقاف کمیٹی نے مکہ مسجد کے احاطہ کے علاوہ بیرون مکہ مسجد میں مصلیوں کیلئے نماز کے انتظامات کی خواہش کی جس پر محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ضرورت پڑنے پر مسجد کے بیرونی حصہ میں بھی جائے نمازوں کا انتظام کرنے کا تیقن دیا گیا ہے ۔ م
آصف ثامن مکرم جاہ بہادر کی آج تدفین، شہر کے بازار بند رہنے کا امکان
حیدرآباد۔17 جنوری(سیاست نیوز) نظام الملک ‘ نظام الدولہ آصف ثامن نواب میر برکت علی خان کے سانحۂ ارتحال سے ہی شہر حیدرآباد کی فضاء غمگین اور پرسوز بنی ہوئی ہے اور 18 جنوری بروز چہارشنبہ سلطنت آصفیہ کے آخری فرمانروانواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کی تجہیز و تکفین کے موقع پر دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر تجارتی اداروں کو بصد احترام بند رکھے جانے کا امکان ہے ۔ نظام دکن کے انتقال سے مغموم شہریان حیدرآباد کی بڑی تعداد سلطنت آصفیہ کے آخری حکمراں کا چومحلہ پیالس میں دیدار کریں گے ۔ بتایاجاتا ہے کہ چومحلہ پیالس کے اطراف و اکناف کے علاوہ کنگ کوٹھی ‘ بیگم پیٹ ‘ شاہ علی بنڈہ ‘ مغل پورہ کے علاوہ چارمینار کے اطراف و اکناف تجارتی اداروں کو بند رکھا جائے گا ۔چومحلہ میں جہاں نظام دکن کے جسد خاکی کو دیدار کے لئے رکھاگیا ہے۔ اس کے اطراف واکناف کے علاقوں میں شہریوں نے رضاکارانہ طور پر بند رکھتے ہوئے خراج پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق مکرم جاہ بہادر کے جسد خاکی کے چومحلہ پہنچتے ہی اطراف و اکناف کے بازاروں کو بند کردیا گیا اور خاندان آصفیہ کے کئی افرادسربراہ خاندان آصفیہ کے آخری دیدار اور ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جمع ہوئے جن کے لئے خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
مکرم جاہ بہادر کا جلوس جنازہ ، پرانے شہر میں ٹریفک تحدیدات
حیدرآباد۔/17 جنوری، ( سیاست نیوز) نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کے جلوس جنازہ اور تدفین کے موقع پر حیدرآباد ٹریفک پولیس نے پرانے شہر کے بعض علاقوں میں ٹریفک تحدیدات عائد کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ والگا جنکشن سے ہمت پورہ کی سمت آنے والی ٹریفک کو خلوت کی سمت جانے کی اجازت نہیں رہے گی اور اس کا رُخ فتح دروازہ کی جانب کردیا جائے گا۔ مرغی چوک جنکشن کے پاس موسیٰ باؤلی چیلہ پورہ سے موتی گلی کی سمت جانے والی ٹریفک کو چیلہ پورہ چوراہے کی سمت کردیا جائے گا۔ مٹی کا شیر سے مرغی چوک جانے والی ٹریفک کا رُخ گھانسی بازار اور چیلہ پورہ کی سمت کردیا جائے گا۔ گلزار حوض اور اردو گلی سے چیلہ پورہ جانے کی ٹریفک کو اجازت نہیں رہے گی اور ٹریفک کا رُخ بھگوان دیوی ہاسپٹل گھانسی بازار کی سمت کردیا جائے گا۔ سٹی کالج اور پارڈی واڑہ سے مرغی چوک جانے والی ٹریفک کا رُخ پرانا پل سٹی کالج کی سمت کردیا جائے گا۔ فلک نما اور بیلہ سے پنچ محلہ کی سمت جانے والی ٹریفک کا رُخ فلک نما اور فتح دروازہ کی سمت موڑ دیا جائے گا۔ب
ٹریفک پولیس نے عوام الناس کو مشورہ دیا ہے کہ 18 جنوری چہارشنبہ کو صبح 8 بجے سے ٹریفک تحدیدات کے پیش نظر متبادل راستے اختیار کریں۔ب