وزیر سیول سپلائیز جی کملاکر کو وی ہنمنت راؤ کا مکتوب
حیدرآباد: سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے وزیر سیول سپلائیز جی کملاکر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تمام اہل درخواست گزاروں کو فوڈ سیکوریٹی کارڈس جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مکتوب میں کہا گیا کہ ریاستی حکومت وائیٹ اور پنک راشن کارڈس کی جگہ فوڈ سیکوریٹی کارڈس جاری کر رہی ہے۔ سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے غریب خاندانوں کو ابھی تک فوڈ سیکوریٹی کارڈس جاری نہیں کیا گیا۔ تلنگانہ میں لاکھوں غریب خاندان ایسے ہیں، جو فوڈ سیکوریٹی کارڈ کے اہل ہیں، انہوں نے اس سلسلہ میں حکومت کو درخواست دی ہیں لیکن حکام نے کارڈ جاری نہیں کیا۔ لاکھوں مستحق غریب خاندان کارڈس سے محروم ہیں جس کے نتیجہ میں غذا کا حصول دشوار ہوچکا ہے۔ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب غریب افراد اور روزانہ محنت مزدوری کرنے والے غیر منظم شعبہ کے ورکرس مسائل کا شکار ہیں۔ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہوگئے اور وہ روز مرہ کی ضروریات کی تکمیل سے قاصر ہیں۔ تنخواہوں سے محرومی کے نتیجہ میں غریب خاندان غیر معمولی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ اضلاع میں فاقہ کشی سے اموات کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ تلنگانہ کے سرکاری گوداموں میں اناج اور دیگر غذائی اشیاء کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ حکومت کیلئے ان خاندانوں کو اناج کی سربراہی میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔