سڑکوں کی توسیع کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے اجلاس، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔ 3۔جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ کے تمام گاؤں سے منڈل ہیڈ کوارٹر تک بی ٹی روڈ تعمیر کی جائے اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق سڑکوں کی توسیع کے منصوبہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے کاموں کو مکمل کیا جائے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج سیکریٹریٹ میں منعقدہ ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کے علاوہ ریاست کے دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کے سلسلہ میں منعقدہ محکمہ عمارات و شوارع‘ نیشنل ہائی وے پراجکٹس کے جائزہ اجلاس کے دوران یہ ہدایات جاری کی۔ چیف منسٹر نے جائزہ اجلاس میں عہدیدارو ںکو ریجنل رنگ روڈ کے لئے حصول اراضیات کے سلسلہ میں جاری حصول اراضیات کے کاموں کو تلسنکرانت تک مکمل کرنے کے اقدامات کی ہدایت دی ۔ انہو ںنے ناگپور ۔وجئے واڑہ راہداری پر تلنگانہ کے اضلاع میں زمین کے حصول کے کامو ںکو بھی اسی مدت کے دوران مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان قومی شاہراہوں کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے فوری طور پر عہدیداروں کے تقرر کے ذریعہ یومیہ اساس پر رپورٹ طلب کی جائے اور کامو ںکو مکمل کرنے کے لئے تعمیراتی کاموں کو تیز کیا جائے ۔چیف منسٹر نے محکمہ جنگلات کے دائرہ کار میں موجود اراضیات کے حصول کے سلسلہ میں برق رفتاری کے ساتھ کام انجام دینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکمہ جات کے تحت موجود اراضیات کے حصول کے معاملہ میں بھی پیدا ہونے والی دشواریوں کو محکمہ جاتی عہدیداروں کے درمیان مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے محکمہ جنگلات اور محکمہ عمارات وشوارع کے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ اپنے عہدیداروں کو نامزد کرتے ہوئے اراضیات کے حصول کے سلسلہ میں کاروائیوں کو تیز کریں۔جائزہ اجلاس کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر فینانس مسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ ریاستی وزراء کیپٹن این اتم کمار ریڈی ‘ مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ محترمہ انوسویا سیتا اکاکے علاوہ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے اجلاس کے دوران موجود عہدیداروں کو سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے سلسلہ میں مرحلہ وار انداز میں فنڈس کی اجرائی کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر و ترقی کے علاوہ ناگپور ۔ وجئے واڑہ شاہراہ کے درمیان تلنگانہ کے اضلاع میں ترقیاتی کاموں کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے ساتھ دیہی علاقوں کو منڈل ہیڈ کوارٹرس سے جوڑنے کے اقدامات کئے جائیں اور ان کاموں کے ذریعہ ریاست کی ترقی کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے اجلاس کے دوران کہا کہ تلنگانہ میں اب کوئی گاؤں ایسا نہیں ہوگا جہاں بی ٹی روڈ موجود نہیں ہوگی بلکہ ہر گاؤں میں حکومت کی جانب سے سڑکوں کی تعمیر کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔3