تمباکو اشیاء کی غیرقانونی منتقلی کے خلاف کارروائی

   

حیدرآباد ۔ 12 فبروری (سیاست نیوز) ریاست میں تمباکو اشیاء پر پابندی کے بعد سرکاری احکامات کو غنیمت جان کر غیرقانونی کاروبار کرنے والے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے گھٹکیسر پولیس کے ساتھ ایک کارروائی میں بین ریاستی تمباکو منتقلی کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور دو افراد بشمول اصل سرغنہ کوٹا سرینواس کو گرفتار کرلیا جو ڈرائیور کی مدد سے کرناٹک سے صوبیداری ورنگل تمباکو اشیاء کو غیرقانونی منتقل کررہاتھا۔ ایس او ٹی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گھٹکیسر اوٹر رنگ روڈ ٹول پلازہ کے قریب ایک آٹو میں تلاشی لیتے ہوئے اس بین ریاستی ریاکٹ کو بے نقاب کیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ملکاجگری زون رکشینا کے مورتی نے بتایا کہ 30 سالہ کوٹا سرینواس ساکن ریونیو کالونی صوبیداری اور 21 سالہ بی ستیش ساکن قاضی پیٹ ورنگل کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے اس کے قبضہ سے ایک آٹو دو موبائیل فون 7 ہزار 2 سو روپئے نقد رقم کے علاوہ کل 25 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ ریاست میں تمباکو اشیاء پر پابندی کے بعد کوٹا سرینواس نے منصوبہ بنایا اور آسان انداز میں زائد منافع کمانے کی خاطر اس نے کرناٹک سے تمباکو اشیاء کی منتقلی شروع کردی۔ کوٹا سرینواس مجرمانہ ریکارڈ رکھتا ہے۔ پہلی مرتبہ 2016ء میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ سال 2020 میں قاضی پیٹ اور سداشیو پیٹ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوا جس کے بعد بھی اس نے اپنا طریقہ نہیں بدلا ور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دیا۔ع