تمباکو نوشی کینسر کی بڑی وجہ، عوام احتیاط برتیں : پدم شری ڈاکٹر ریڈی

   

حیدرآباد 7 جون (پریس نوٹ) رات میں بار بار بخار آنا، بھوک کی کمی، مسلسل درد ، جلد پر تبدیلیاں، تل کے سائز یا شکل میں تبدیلی یا نئے تل کا ظاہر ہونا، کینسر کی ابتدائی علامات ہوسکتی ہیں۔ سگریٹ نوشی اور تمباکو کا استعمال پھیپھڑوں، غذائی نالی، لبلبہ اور منہ کے کینسر کے خطرات میں اضافہ کرتا ہے۔ زیادہ چکنائی و شکر والی غذائیں بھی مختلف اقسام کے کینسر کا سبب بن سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ انٹلکچول فورم کے زیراہتمام تہنیتی تقریب سے کینسر ماہر اور اپولو ہاسپٹلس کے شعبہ کینسر کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر پی وجئے آنند ریڈی نے کیا۔ انھوں نے کہاکہ حکومت ہند سے 2026ء کا پدم شری ایوارڈ پانے کے بعد ان کی سماجی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔ ڈاکٹر وجئے آنند ریڈی نے کہاکہ وہ جدید علاجی طریقوں کے ذریعہ کینسر کے خاتمہ اور صحت مند و کینسر سے پاک معاشرہ کی تشکیل کیلئے خدمات جاری رکھیں گے۔ ڈاکٹر ریڈی نے بتایا کہ کینسر کی تشخیص اور علاج CBC ٹسٹ، سی ٹی اسکیان، ایم آر آئی ، کیمو تھراپی، ریڈیشین تھراپی، ایمونو تھراپی ، ہورمور تھراپی سے کیا جاتا ہے۔ انھوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ کینسر سے بچاؤ کیلئے تمباکو نوشی سے اجتاب کریں، باقاعدہ ورزش، یوگا اور مراقبہ کو معمول بنائیں، روزانہ چہل قدمی کریں اور سبز پتوں والی سبزیاں اور پھل زیادہ استعمال کریں۔ فورم کے ریاستی صدر ڈاکٹر راج نارائن مدیراج نے کہاکہ پروفیسر ڈاکٹر پی وجئے آنند ریڈی تین دہائیوں سے کینسر کے مریضوں کی خدمت اور کینسر سے بچاؤ کیلئے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر مدیراج نے کہاکہ ڈاکٹر ریڈی نے 2003ء میں بچوں کے کینسر کے علاج کیلئے فاؤنڈیشن قائم کیا اور تب سے سینکڑوں بچوں کو مفت علاج فراہم کیا جاچکا ہے۔ ملک کے ممتاز کینسر ماہرین میں شامل ڈاکٹر ریڈی نے اپنی تحقیق اور طبی مہارت سے آنکولوجی میدان میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر راج نارائن مدیراج نے پروفیسر ڈاکٹر پی وجئے آنند ریڈی کی شال پوشی، گل پوشی، یادگاری مومنٹو اور توصیفی سند پیش کرجے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ اس موقع پر ریٹائرڈ ای ایس آئی سی منیجر کے جوجی ریڈی، پروفیسر اطہر علی (جوائنٹ ڈائرکٹر ایڈمیشنس، عثمانیہ یونیورسٹی)، سینئر ایڈوکیٹ گوپی ریڈی بلونت ریڈی، اپولو ہاسپٹل کینسر ڈپارٹمنٹ سکریٹری و دیگر موجود تھے۔