تمل فلموں کے مزاحیہ اداکار مائیلسامی کا دیہانت

   

چینائی : 19 تمل فلموں کے معروف مزاحیہ اداکارمائلسامی کا اتوار کو یہاں دل کا دورہ پڑنے سے دیہانت ہوگیا۔ان کی عمر 57 سال تھی۔ پسماندگان میں اہلیہ اور ایک بیٹا ہے ۔بھگوان شیو کے پرم بھکت مائیلسامی نے مہاشیوراتری کے موقع پر کل رات اپنے خاندان کے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کی تھی۔ بعد ازاں آج صبح اپنے اہل خانہ کو سالیگرام میں واقع اپنی رہائش گاہ پر چھوڑنے کے بعد وہ یہ کہہ کر باہر نکلے کہ وہ جلد واپس آجائیں گے ۔ اسی دوران انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا اور انہیں خانگی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن اور وزیر اطلاعات ایم پی سامیناتھن نے ان کی موت پر اظہارغم کیا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔تمل فلم انڈسٹری کے کئی اداکار آنجہانی مائیلسامی کی رہائش گاہ پر پہنچے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔