چینائی 27 مئی (یو این آئی) تمل ناڈو اسمبلی کی چھ نشستوں کیلئے راجیہ سبھا کے دو سالہ انتخابات کا نوٹیفکیشن 2 جون کو جاری کیا جائے گا۔ اسٹیٹ چیف الیکٹورل آفیسر ارچنا پٹنائک نے آج یہاں بتایا کہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے اسی دن پرچہ نامزدگی داخل کرنا شروع ہو جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے ریاست کی چھ نشستوں کیلئے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ یہ سیٹیں 24 جولائی کو خالی ہو رہی ہیں۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 9 جون ہوگی۔ اگلے دن ان کی جانچ ہوگی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 12 جون ہے۔ ضرورت پڑنے پر انتخابات 19 جون کو ہوں گے اور اسی دن ووٹوں کی گنتی ہوگی۔
تمل ناڈو قانون ساز اسمبلی سکریٹریٹ کے ایڈیشنل سکریٹری اور جوائنٹ سکریٹری کو انتخابات کیلئے بالترتیب پریذائیڈنگ آفیسر اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے ۔ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی دیگر دستاویزات کے ساتھ پریزائیڈنگ آفیسر یا اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر کے سامنے 2 سے 9 جون صبح 11 بجے سے 3 بجے تک داخل کر سکتے ہیں۔ تاہم 7 جون (عیدالاضحی) اور یکم جون (اتوار) کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔