دومجور (مغربی بنگال ) : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے ووٹروں کو مذہبی خطوط پر تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف اپنی آواز بدستور اٹھانے کا ادعا کرتے ہوئے آج کہا کہ الیکشن کمیشن بھلے ہی انہیں 10 وجہ بتاؤ نوٹسیں جاری کرلیلیکن وہ اس معاملہ میں اپنا موقف تبدیل نہیں کریں گی ۔ کمیشن نے چہارشنبہ کو ایک نوٹس ممتابنرجی کو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے ۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ ممتابنرجی نے مسلم برادری کو راغب کرنے کی کوشش میں ان سے اپیل کی کہ متحدہ طور پر ٹی ایم سی کو ووٹ دیں اور اپنا ووٹ منتشر نہ ہونے دیں ۔ ٹی ایم سی سربراہ نے دومجور اسمبلی حلقہ میں اپنی انتخابی مہم کے دوران یہ سوال بھی اٹھایا کہ بی جے پی کے اسٹار لیڈر اور وزیراعظم کے خلاف کوئی بھی شکایت درج کیوں نہیں کی جارہی ہے ۔ حالانکہ وہ بار بار اپنی انتخابی تقاریر ہندو اور مسلم ووٹ بینک کے حوالے دیتے ہیں ۔ ٹی ایم سی سربراہ نے کہا کہ آپ (الیکشن ) چاہیں تو مجھے وجہ بتاؤ کی 10 نوٹسیں جاری کرسکتے ہوں لیکن میرا جواب یکساں رہے گا ۔ میں ہندو ، مسلم ووٹوں میں کسی بھی نوعیت کی تقسیم کے خلاف بولتی رہوں گی اور اس رجحان کو روکوں گی ۔