توہین اسلام پر یو اے ای میں تین افراد پر چار لاکھ ڈالر جرمانہ

   

دبئی ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یو اے ای میں توہین اسلام اور حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی بہت بڑا گناہ ہے جس پر سخت سزائیں دی جاتی ہیں۔ حال ہی میں ایسا ایک معاملہ سامنے آیا جس میں سری لنکا کے تین ملزمین انٹرنیٹ پر توہین اسلام کے مرتکب قرار پائے۔ خلیج ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق دبئی کے فائیو اسٹار ریزارٹ میں سیکوریٹی گارڈس کی حیثیت سے کام کرنے والے سری لنکائی شہریوں نے مذہب کا مذاق اڑایا اور ثبوت کی تصدیق ہوگئی کہ انہوں نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام اور فیس بک دونوں پر مذہب کے خلاف اہانت آمیز پوسٹ ڈالے۔ دبئی کی عدالت نے ملک کے قانون انسداد تعصب اور نفرت کے تحت مقدمہ کی کارروائی چلائی اور ملزمین کو وفاقی تعزیرات کے تحت بھی مجرم پایا۔ ان کو فی کس 500,000 درہم جرمانہ عائد کیا گیا جو 136,000 ڈالر ہوتے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر چار لاکھ ڈالر کا جرمانہ ہوتا ہے۔ انہیں جرمانے کی رقم ادا کرنے کے بعد ملک بدر کردیا جائے گا۔ شروع کے تینوں مجرمین نے اپنے کیس میں قانونی مہلت کے اندرون اپیل نہیں کی ، اس لئے ان کے خلاف فیصلہ قطعی مانا جارہا ہے ۔ یہ معاملہ گزشتہ سال 19 مئی کو منظر عام پر آیا تھا جب پولیس نے ایک رپورٹ پر کارروائی کی ۔ ایک پولیس سارجنٹ نے عدالت میں بتایا کہ مدعا علیہان کے رومس ، موبائیل فونس اور لیاپ ٹاپ ضبط کرلئے گئے ۔ سارجنٹ نے پراسیکیوٹر کو یہ بھی بتایا کہ سری لنکائی ورکرس نے اپنی غلطیوں کا اعتراف کرلیا ۔