توہین عدالت کے معاملہ میں کلکٹر بھونگیر اور تین عہدیداروں پر ہائی کورٹ کی برہمی5 اگسٹ کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت

   

حیدرآباد۔/10 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے توہین عدالت کے مقدمہ میں کلکٹر بھونگیر اور دیگر تین عہدیداروں کو 5 اگسٹ کے دن ہائی کورٹ میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ اراضی کے معاوضہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں عدالتی احکامات کی عدم تکمیل پر جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے کلکٹر بھونگیر کے علاوہ آر ڈی او، تحصیلدار اور ترکا پلی منڈل پریشد کے ڈیولپمنٹ آفیسر کو حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی ہے۔ جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے 85 سالہ محمد رحیم الدین کی جانب سے دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست پر یہ ہدایت دی۔ درخواست گذار امریکہ میں مقیم بتائے جاتے ہیں۔ حکام نے گوپال پور گاؤں میں معاوضہ ادا کئے بغیر ان کی دو ایکر اراضی حاصل کرلی تھی۔ درخواست گذار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکام نے ابتداء میں اراضی کے حصول کا اعتراف کیا لیکن بعد میں موقف سے انحراف کرلیا گیا۔ سنگل جج نے عہدیداروں کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے لینڈ ایکویزیشن ایکٹ کے تحت معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت دی۔ حکام ڈیویژن بنچ سے رجوع ہوئے جہاں ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت دی گئی۔ باوجود اس کے دو سال میں معاوضہ ادا نہیں کیا گیا جس پر درخواست گذار دوبارہ ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔ جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے کلکٹر اور تین عہدیداروں کے رویہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 5 اگسٹ کو حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی۔1