تکنیکی خرابی : دہلی ایئرپورٹ پر 100 سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار

   

نئی دہلی، 7 نومبر (یو این آئی) دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تکنیکی خرابی کی وجہ سے جمعہ کی صبح 11 بجے تک 100 سے زیادہ پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی، جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا کہ آٹومیٹک میسجنگ سوئچ سسٹم (اے ایم ایس ایس) میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے پروازوں میں تاخیر ہورہی ہے ۔ یہ نظام ایئر ٹریفک کنٹرول ڈیٹا کو مدد فراہم کرتا ہے اور ہوائی ٹریفک کے خودکار کنٹرول میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اے اے آئی نے کہا کہ فی الحال ہوائی ٹریفک کنٹرولرز مینویلی فلائٹ پلان کو پروسس کررہے ہیں اور سسٹم کو درست کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ہوائی اڈے پر صبح سے ہی یہ مسئلہ پیش آرہا تھا۔ کئی بورڈنگ گیٹس پر مسافروں کو متعلقہ ایئر لائن کے عملے سے جھگڑتے اور ناراض ہوتے دیکھا گیا۔ ایئرپورٹ کی آپریٹر کمپنی دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (ڈی آئی اے ایل) نے ایک بیان میں کہا کہ مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ فلائٹ اپ ڈیٹس کے لیے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔