نئی دہلی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر یشسوی جیسوال کو میلبورن ٹسٹ میچ کی دوسری اننگز میں تھرڈ امپائر نے آؤٹ قرار دے دیا۔ بنگلہ دیش کے امپائر شرف الدولہ کی جانب سے جس طرح آؤٹ دیا گیا اس کے بعد ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے اس فیصلے کی کھل کر مخالفت کی ہے۔ انہوں نے تھرڈ امپائر کے اس فیصلے کو غلط قراردیا ہے۔ یشسوی جیسوال کو باکسنگ ڈے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں84 رنزکے اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد واپس لوٹنا پڑا۔ پیٹ کمنزکی گیند پر ایلکس کیری نے وکٹ کے پیچھے کیچ پکڑکر زوردار اپیل کی۔ فیلڈ امپائر نے اسے مسترد کردیا اورکپتان نے ریویو لیا۔ تھرڈ امپائر نے یشسوی کے شاٹ کو بار بار دیکھا اور انہیں آؤٹ قراردیا۔ تاہم آواز پکڑنے والی مشین اسنیوکو میٹر میں کسی قسم کی کوئی ہلچل نہیں تھی۔