تہواروں میں بھی آٹو کمپنیوں کا بحران جاری

   

اکتوبر میں کمرشیل گاڑیوں کی فروخت میں 30% کمی
نئی دہلی : رواں تہواروں کے سیزن میں کمرشیل گاڑیوں کی فروخت میں سب سے زیادہ کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ فاڈا کے مطابق اکتوبر میں کمرشیل گاڑیوں کی فروخت 30.32 فیصد گھٹ کر 44480 یونٹ تک محدود ہو گئی ہے۔طویل مدت سے خسارے کا شکار آٹو سیکٹر کو کورونا بحران میں لاک ڈاؤن کی مدت کے بعد اگست اور ستمبر مہینے میں کچھ راحت ضرور ملی تھی، لیکن اکتوبر مہینے میں ایک بار پھر اس شعبہ کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ اس مہینے دھنتیرس اور دیوالی جیسے بڑے تہواروں کے باوجود گزشتہ مہینے ملک بھر میں سبھی طرح کی گاڑیوں کی فروخت میں زبردست گراوٹ درج کی گئی ہے۔فیڈریشن آف آٹو موبائل ڈیلرس ایسو سی ایشن (فاڈا) کے مطابق اکتوبر میں مسافر کاروں کی فروخت 8.8 فیصد تک گری ہے۔ پیسنجر گاڑیوں کی خوردہ فروخت اکتوبر میں 8.8 فیصد گھٹ کر 249860 یونٹ رہ گئی، جب کہ ایک سال پہلے اسی دوران اس سیگمنٹ کی گاڑیوں کی فروخت 273980 یونٹ رہی تھی۔