اسٹاکہوم: سویڈن میں رولر کوسٹر کے حادثے میں ایک شخص ہلاک جبکہ نو زخمی ہو گئے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔واقعہ اسٹاک ہوم شہر کے گرونا لنڈ کے تفریحی پارک میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ رولر کوسٹر چلتے ہوئے پٹری سے اتر گئی جس کے باعث اس میں سوار لوگ زمین پر جاگرے۔ پارک کے چیف ایگزیکٹیو جان ایریکسن نے واقعے کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ ’آج گرونا لنڈ کیلئے سوگ کا دن ہے، ہمارے ہاں بہت سنجیدہ قسم کا سانحہ پیش آیا ہے اور رولر کوسٹر کے پٹڑی سے اترنے سے ایک ہلاکت کے علاوہ نو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔‘حادثے کی اطلاع پھیلتے ہی ایمبولینسز، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پارک کی طرف جاتی دیکھی گئیں جبکہ ہیلی کاپٹرز بھی فضا میں نظر آئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔