تیز رفتار موٹر سائیکل چلانے والے دو نوجوان حادثہ کا شکار

   

ایک کی برسر موقع موت، دوسرا شدید زخمی

حیدرآباد : /3 اکٹوبر (سیاست نیوز) ٹریفک پولیس کی ڈرنک اینڈ ڈرائیونگ تلاشی مہم سے بچنے کیلئے تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلانے والے دو نوجوان حادثہ کا شکار ہوگئے جس میں ایک کی موت واقع ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ سائبر آباد کے علاقہ مادھاپور میں کل رات پیش آیا جب دونوں بھائی گنیش راجو اور چیتنیا ورما بی ایم ڈبلیو موٹر سائیکل پر بھاگیہ نگر سوسائیٹی مادھاپور سے گزررہے تھے ۔ دونوں بھائیوں نے یہ دیکھا کہ آگے ٹریفک پولیس کی خصوصی مہم جاری ہے اور اس سے بچنے کیلئے دونوں نے تیز رفتاری سے گاڑی چلاکر این آئی اے دفتر کی سمت سے وہاں سے بچ کر نکلنے کی کوشش کررہے تھے کہ تیز رفتاری سے مخالف سمت سے آنے والی کار کو ٹکر دیدی ۔ اس حادثہ میں چیتنیا ورما جو عقبی سیٹ پر بیٹھا ہوا تھا جائے حادثہ پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ موٹر سائیکل چلانے والا گنیش راجو بھی شدید زخمی ہوگیا ۔ کار کے مالک راجیش نے مادھاپور پولیس سے اس سلسلہ میں ایک شکایت درج کروائی جس کے نتیجہ میں پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مہلوک چیتنیا ورما شنکر پلی کے آئی بی ایس کالج میں بی بی اے کی تعلیم حاصل کررہا تھا جبکہ اس کا بھائی گنیش راجو ایمیٹی کالج واقع پنجہ گٹہ میں بی بی ایم کی تعلیم حاصل کررہا ہے ۔ مذکورہ نوجوانوں کا تعلق ملکی پورم مشرقی گوداوری سے ہے اور دونوں بھائی ان کے چچا کے مکان واقع بورا بنڈہ وویکا نگر میں مقیم ہیں ۔