تیستا سیتلواد اور سنجیو بھٹ کی رہائی کیلئے کانگریس قائدین کا احتجاجی دھرنا

   

حیدرآباد۔/29 جون، ( سیاست نیوز) گجرات فسادات کے متاثرین کی مدد میں سرگرم جہد کار تیستا سیتلواد اور سابق آئی پی ایس عہدیداروں آر سی شیو کمار اور سنجیو بھٹ کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے گن پارک پر احتجاج منظم کیا۔ پارٹی قائدین نے کہا کہ مظلوموں کے لئے انصاف کا مطالبہ کرنے پر تینوں کو نشانہ بنایا گیا ہے حالانکہ گزشتہ 20 برسوں میں فسادات کے سلسلہ میں کئی حقائق منظر عام پر آئے لیکن ان تینوں پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی بی جڈسن، عظمیٰ شاکر، بی وینو، سدھاکر، گری بابو، پرشانت اور دیگر قائدین نے شہیدان تلنگانہ کی یادگار کے پاس جہد کاروںکی تصاویر کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے مرکز کیخلاف نعرہ بازی کی اورکہا کہ 2002 کے گجرات فسادات میں ہوئی بھاری ہلاکتوں کے واقعات میں نریندر مودی کے خلاف کوئی ثبوت تحقیقاتی ایجنسیوں کو نہیں ملا ہے جس کی بنیاد پر سپریم کورٹ نے کلین چٹ دے دی۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کے متاثرین اور مظلوم خاندان آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ گجرات فسادات کیلئے ذمہ دار کون ہیں اور کس کا کیا رول رہا اس بارے میں ملک کے عوام بخوبی واقف ہیں۔ر