تیسرے دن کے کھیل کے ختم ہونے تک انگلینڈ 25 پرصفر

   

ناٹنگھم : اوپنگ بیٹسمین روری برنس اور ڈومینک سیلی کے سنبھل کر کھیلنے کی بدولت انگلینڈ نے یہاں جمعہ کو ہندوستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پرایک بھی وکٹ نہ گنواتے ہوئے 25 رن بنائے ۔ انگلینڈ ابھی ہندوستان سے 70 رن پیچھے ہے ۔ سٹمپ کے وقت روری برنس 11 اور ڈومینک سیلی نو رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔بارش کی وجہ سے دوسرے دن کی طرح تیسرے دن کا کھیل ببھی متاثر ہوا ،تاہم ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں اوپنر لوکیش راہل کے 84 ، آل راؤنڈر رویندرا جڈیجہ کے 56 ، محمد شمی کے 13 اور جسپریت بمراہ کے 28 رنوں کی بدولت 278 رن بنا کر 95 رن کی برتری حاصل کی ۔ ہندوستان نے صبح چاروکٹ پر 125 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا ۔ناٹ آؤٹ بیٹسمین رشبھ پنت سات رن سے آگے کھیلتے ہوئے تیز گیند باز اولی رابنسن کا شکاربنے ۔ پنت نے 20 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رن بنائے ۔ راہل اور جڈیجہ نے چھٹی وکٹ کے لیے 60 رن کی شراکتداری کی۔ اینڈرسن نے راہل کو آؤٹ کرکے نہ صرف اس خطرناک شراکتداری کو توڑا بلکہ کمبلے سے بھی آگے نکل گئے ۔ اینڈرسن نے شاردل ٹھاکر کو صفر پر آؤٹ کرکے اپنا 621 واں وکٹ لیا ۔ جڈیجہ اور شمی نے آٹھویں وکٹ کے لیے 27 رن جوڑے ۔ رابنسن نے جڈیجہ کو سٹورٹ براڈ کے ہاتھوں کیچ کرایا ۔ جڈیجہ نے 86 گیندوں پر 56 رن میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا ۔ بمراہ نے 34 گیندوں پر 28 رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ بمراہ نے محمد سراج کے ساتھ آخری وکٹ کے لیے 33 رن جوڑے ۔ سراج سات رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے رابنسن نے 85 رن پرپانچ وکٹ اور اینڈرسن نے 54 رن پر چار وکٹیں حاصل کیں۔