چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت ۔ ونود کمار ‘ پی راجیشور ریڈی اور شراون کمار ریڈی ٹیم کا حصہ
حیدرآباد 15 جنوری ( پی ٹی آئی ) قومی سطح پر غیر بی جے پی ۔ غیر کانگریسی وفاقی محاذ قائم کرنے کی کوششوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو نے آج فیصلہ کیا ہے کہ ٹی آر ایس کی جانب سے آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس سے بات چیت کی جائیگی ۔ چندر شیکھر راو نے اس سلسلہ میں پارٹی کے ورکنگ صدر و اپنے فرزند کے ٹی راما راواور دوسرے سینئر قائدین کو ذمہ داری کہ وہ آندھرا پردیش کے قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی سے کل چہارشنبہ کو بات چیت کریں۔ برسر اقتدار ٹی آر ایس کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ ٹی آر ایس صدر اور چیف منسٹر نے فیصلہ کیا ہے کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر سے بات چیت کریں اور وفاقی محاذ میں شامل کرنے کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا جائے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ٹی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راو سینئر لیڈر و رکن پارلیمنٹ ونود کمار اور جنرل سکریٹری پی راجیشور ریڈی اور شراون کمار ریڈی سے کہا گیا ہے کہ جگن موہن ریڈی سے اس سلسلہ میں بات چیت کریں۔ کے سی آر کی ہدایت کے مطابق کے ٹی راما راو اور ان کی ٹیم کے ارکان کل 16 جنوری کو جگن موہن ریڈی سے بات چیت کرینگے ۔ کے سی آر نے اس سلسلہ میں ترنمول کانگریس کی سربراہ و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی سے 10 جنوری کو ملاقات کرکے بات چیت کی تھی تاکہ وفاقی محاذ کے قیام کی کوششوں میں تیزی پیدا کی جائے ۔ کے سی آر نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر اوڈیشہ و صدر بیجو جنتادل نوین پٹنائک سے بھی بات چیت کی تھی تاکہ ا ن کی تائید بھی حاصل کی جاسکے ۔ تاہم ان کی کوششوں میں زیادہ کامیابی نہیں مل سکی تھی ۔ چند دن کی خاموشی کے بعد اس تعلق سے کے سی آر نے اپنی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کردیا ہے ۔ کے ٹی آر اور ان کی ٹیم کل جگن موہن ریڈی سے اس سلسلہ میں تبادلہ خیال کرے گی ۔