نئی دہلی ۔21 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے کہا کہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں غیرمتوقع گراوٹ سے حکومت نے لاکھوں روپے کا منافع حاصل کیا ہے ،لہذا کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا بحران سے جوجھ رہے غریبوں کو اس کا فائدہ دینا چاہئے ۔ کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ کورونا بحران کے سبب لاک ڈاؤن سے پوری دنیا میں تیل کی مانگ میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے اس کی قیمتوں میں غیر متوقع کمی آئی ہے ۔تیل کی پیداوار کو روکا نہیں جا سکتا ہے ،اس لئے تیل تیار کرنے والے ممالک نے تیل کے فروخت کی پیشکش بھی کی ہے۔ ہندوستان تیل درآمد کرنے والا دنیا میں دوسرا سب سے بڑ املک ہے اور ہمارے پاس ذخیرہ اندوزی کی بھی غیر معمولی صلاحیت ہے ۔پھر بھی ہندوستان نے تیل کی درآمدات نہیں کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک قیمت میں گراوٹ کا فائدہ اٹھانے کی حالت میں نہیں ہیں۔کیونکہ ان کے پاس تیل ذخیرہ کرنے کے وسائل محدود ہیں۔لیکن ہندوستان کے ساتھ ایسا نہیں ہے ۔تیل کی قیمت میں بے تحاشہ کمی سے ہم منافع کما سکتے ہیں لیکن حکوت نے ایسا نہیں کیا اور اس نے تیل کی درآمدات سے انکار کیا ہے ۔