تین تا چار ماہ کے برقی بقایا جات پر برقی سربراہی منقطع‘ ڈسکام کی خصوصی مہم

   

حیدرآباد : محکمہ برقی کے ڈسکام کی جانب سے بقایا جات کی وصولی کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے ۔ تین تا چار ماہ کے بقایا جات رکھنے والے صارفین کی سربراہی منقطع کی جارہی ہے ۔ محکمہ برقی پر مالی بوجھ کو کم کرنے بقایا جات وصول کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے ۔ نشانہ کے مطابق بقایا جات وصول نہ کرنے پر عہدیداروں کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی جارہی ہے جس کی وجہ سے تمام اعلیٰ عہدیدار اور عملہ بقایا جات کی وصولی پر خصوصی توجہ دے رہا ہے ۔ مالیاتی سال کے اختتام کے پیش نظر ٹارگٹ حاصل کرنے مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میں 51 لاکھ سے زیادہ برقی کنکشنس ہیں ۔ ہرماہ 10لاکھ کنکشنس کے بقایاجات رہتے ہیں ۔ ان میں طویل عرصہ کے بقایا جات ہیں ۔ کورونا بحران کی وجہ سے کئی لوگ آبائی گاؤں کو روانہ ہونے سے شہر میں کئی گھر خالی ہے ۔ سرکاری دفاتر کے اپنے الگ مسائل ہیں ۔ مالی مسائل کو حل کرنے بقایا جات وصول کرنا لازمی ہے جس کی وجہ سے سی ایم ڈی سے عملہ تک سب کے سب برقی بلز وصول کرنے میں مصروف ہیں ۔ بلز وصول کرنے والے عہدیداروں اور عملہ کے خلاف تادیبی کارروائی کی جارہی ہے ۔ سرکاری دفاتر میں برقی بلز وصول کرنے میں زیادہ مسائل پیش آرہے ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد میں ایچ ٹی ۔ ایل ٹی بلنگ ہزار کروڑ سے زیادہ ہے ۔ 9 سرکل کے حدود میں ایل ٹی میں ماہ مارچ کے دوران 450 کروڑ روپئے وصول طلب ہے ۔ حیدرآباد ساؤتھ میں سوائے راجندر نگر کے ماباقی سرکلس میں 90فیصد وصول ہوئے ۔