ہائی کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج، دستور میں دیئے گئے اختیارات کا حوالہ
حیدرآباد۔/18ستمبر، ( سیاست نیوز) جگن موہن ریڈی حکومت نے تین دارالحکومتوں کے قیام کے خلاف آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تین علحدہ دارالحکومتوں کے قیام کے موقف پر قائم جگن موہن ریڈی حکومت ہائی کورٹ کے اس فیصلہ کو چیلنج کرے گی جس میں کہا گیا ہے کہ ریاست کو دارالحکومت کی تبدیلی یا پھر اسے تقسیم کرنے کیلئے قانون سازی کا اختیار نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں حکومت نے نامور ماہرین قانون سے مشاورت شروع کردی ہے۔ حکومت کا ماننا ہے کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ ریاستوں کو دستور میں دیئے گئے اختیارات کے خلاف ہے اور حکومت کو عوام کے مفاد میں کسی بھی قانون سازی کا اختیار حاصل ہے۔ حکومت نے کہا کہ دارالحکومت کہاں اور کیسے ہو یہ طئے کرنا اس کی ذمہ داری ہے۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ نے 3 مارچ کو اپنے فیصلہ میں کہا تھا کہ حکومت کو دارالحکومت کی منتقلی یا اسے تقسیم کرنے کیلئے قانون سازی کا حق نہیں ہے۔ عدالت نے امراوتی میں وعدہ کے مطابق ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کی ہدایت دی تھی۔ تین علحدہ دارالحکومتوں کے فیصلہ پر امراوتی کے کسانوں نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ ر