تین سکیوریٹی آفیسرس کی ہلاکت کے بعد تلاشی مہم میں شدت

   

جمعرات کو آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ

سری نگر: کشمیر کے اننت ناگ میں کل ہوئے انکاونٹر میں ایک کرنل، فوج کی راشٹریہ رائفلز یونٹ کا ایک میجر اور جموں و کشمیر پولیس کا ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جموں و کشمیر ضلع میں دہشت گردوں کے ساتھ ایک تصادم کے دوران کارروائی میں شہید ہوگئے۔کرنل منپریت سنگھ، میجر آشیش دھونچک اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہمایوں مزمل بھٹ گولی باری کے دوران کارروائی میں مارے گئے۔ کرنل منپریت سنگھ 19 راشٹریہ رائفلز یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر تھے اور باوقار سینا میڈل (SM) حاصل کرنے والوں میں شامل تھے۔راشٹریہ رائفلز فوج کی انسداد بغاوت فورس ہے جو جموں و کشمیر میں کام کرتی ہے۔ تین سکیوریٹی آفیسرس کی شہادت کے بعد عسکریت پسندوں کی تلاشی میں شدت پیدا کرد ی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے گڈول کوکرناگ علاقے میں جمعرات کی صبح سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تازہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ علاقے میں چہارشنبہ کو عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے گڈول کوکر ناگ کے جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا تھا جس دوران تاک میں بیٹھے عسکریت پسندوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی ، کرنل اور میجر سمیت تین اعلیٰ آفیسران جاں بحق ہوئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ انکائوںٹر کے مقام پر رات کی خاموشی کے بعد سیکورٹی فورسز اورعسکریت پسندوں کے درمیان تازہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات کو اندھیرے کے پیش نظر آپریشن معطل کر دیا گیا تھا اور جمعرات کی صبح اضافی فورسز کو طلب کرکے آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا اور پھنسے ہوئے عسکریت پسندوں کے فرار ہونے کے تمام راستوں کو مسدود کر دیا گیا۔قبل ازیں کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کرنل منپریت سنگھ،میجر آشیش دھونک اور ڈی ایس پی ہمایوں بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان عہدیداروں نے بہادری کا مظاہرہ کرکے اس آپریشن کے دوران سب سے آگے لڑتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔فوج نے عزیز خان سمیت لشکر طیبہ کے 2 دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ فوج، پولیس ، سی آر پی ایف کی اضافی نفری نے جنگلی علاقے کو پوری طرح سے سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر مکمل طورپر پابندی عائد کی ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس فوج اور پولیس کی خصوصی ٹیمیں جنگلی علاقے میں خیمہ زن ہے۔