نئی دہلی ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے پیچیدہ تین طلاق بل کو لوک سبھا میں غوروخوض اور منظوری کیلئے جمعرات کے ایجنڈہ پر رکھا ہے۔ برسراقتدار بی جے پی نے اپنے ایم پیز کو وہپ جاری کرتے ہوئے ان سے ایوان میں اپنی موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے کہا ہے۔ یہ بل جو مسلم مردوں کی جانب سے ایک ہی نشست میں تین طلاق کو مجرمانہ عمل قراردیتا ہے اور مجرم کیلئے سزائے قید کی گنجائش فراہم کرتا ہے، اس کا پہلی مرتبہ مسودہ قانون نریندر مودی حکومت نے ماہ مئی میں دوسری میعاد شروع کرنے کے بعد اپنے پہلے سیشن میں پیش کیا تھا۔ کئی اپوزیشن پارٹیوں نے اس کی شدت سے مخالفت کی ہے لیکن حکومت نے دعویٰ کیا ہیکہ یہ بل جنس کی مساوات اور انصاف کی سمت قدم ہے۔ کانگریس، ٹی ایم سی اور ڈی ایم کے جیسے پارٹیوں نے مطالبہ کیا ہیکہ اس بل کو تنقیح کیلئے پارلیمانی کمیٹی سے رجوع کیا جانا چاہئے۔ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کو ایوان زیریں میں طاقتور اکثریت حاصل ہے جس کے سبب اس بل کی منظوری طئے شدہ امر ہے۔