تین مار ملنا نئی سیاسی پارٹی قائم کرنے کی تیاریوں میں بی سی قائدین اور تنظیموں سے مشاورت کا فیصلہ

   

حیدرآباد 2 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی سے معطل کئے جانے کے بعد رکن کونسل سی ایچ نوین عرف تین مار ملنا نے اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کا آغاز کردیا ہے۔ بی سی طبقات کے حقوق کے سلسلہ میں کانگریس حکومت پر سخت تنقیدوں کے بعد تین مار ملنا کو نوٹس جاری کی گئی تھی اور اُنھوں نے وجہ نمائی نوٹس کا کوئی جواب نہیں دیا جس کے بعد اُنھیں پارٹی سے معطل کردیا گیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق تین مار ملنا بی سی طبقات کے مسئلہ پر قدم پیچھے ہٹانے کے لئے تیار نہیں ہیں اور اُنھیں اندرونی طور پر کئی بی سی قائدین اور تنظیموں کی تائید حاصل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پسماندہ طبقات کے نعرہ کے ساتھ تین مار ملنا نئی سیاسی پارٹی کے قیام کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ وہ کانگریس کے علاوہ دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے بی سی قائدین سے ربط میں ہیں اور اُن سے ملاقات کے بعد ہی آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق تین مار ملنا کو بی سی تنظیموں نے سیاسی پارٹی کے قیام کا مشورہ دیا ہے۔ تین مار ملنا جارحانہ موقف کے لئے کافی مشہور ہیں اور بی آر ایس حکومت کے خلاف اُن کے بیانات پر اُنھیں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ بعد میں اُنھوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی لیکن وہاں بھی زیادہ مدت تک نہیں رہ سکے۔ کانگریس میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے گریجویٹ ایم سی ایل نشست سے مقابلہ کیا اور کامیابی حاصل کی۔ تین مار ملنا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو نشانہ بنایا جس کے بعد اُنھیں پارٹی سے معطل کردیا گیا۔ دیکھنا یہ ہے کہ بی سی طبقات کے سیاسی اور سماجی قائدین اور تنظیموں کی اُنھیں کس حد تک تائید حاصل ہوگی۔ 1