حیدرآباد ۔8۔نومبر (سیاست نیوز) تلگو کے نامور صحافی اور کے سی آر حکومت کے نقاد تین مار ملنا نے آخرکار کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ سی ایچ نوین جو تین مار ملنا کے نام سے شہرت رکھتے ہیں ، ایک علحدہ ٹی وی چیانل کے مالک ہیں جس پر حکومت کے خلاف پروپگنڈہ کا الزام ہے۔ حکومت کی جانب سے ان کے خلاف کئی مقدمات درج کئے گئے اور گرفتاری عمل میں آچکی ہے۔ تین مار ملنا نے حال ہی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی تاہم پارٹی میں مناسب اہمیت نہ ملنے پر بی جے پی سے استعفیٰ دے دیا۔ وہ کانگریس کی مہم میں مصروف تھے اور گزشتہ دنوں نئی دہلی میں کانگریس کے اعلیٰ قائدین سے ملاقات کی۔ تین مار ملنا نے سرسلہ اسمبلی حلقہ سے کے ٹی آر کے خلاف مقابلہ کرنے کا پیشکش کیا لیکن کانگریس نے ٹکٹ الاٹ نہیں کیا۔ تین مار ملنا نے کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ کانگریس نے میڑچل اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ کا پیشکش کیا لیکن لمحہ آخر میں پی وجریش یادو کو امیدوار بنایا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس پارٹی انتخابی مہم میں تین مار ملنا کی خدمات حاصل کرے گی۔