٭ بصارت سے محروم تین دوستوں نے منگلور یونیورسٹی کے بیچلر آف سوشل ورک امتحان میں سرفہرست تین درجات حاصل کئے۔ ایسا شاید پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ یہ تینوں گروراج، نتیانند اور پردیپ کمار آپس میں دوست بھی ہیں جنہوں نے بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کیا۔ ان کا تعلق مودابدری کے الوا کالج سے ہے۔ نتائج کے اعلان پر یہ تینوں حیرت زدہ رہ گئے۔ ادوپی کے بیڑی بنانے والے شخص کے فرزند پردیپ کمار نے کہا ہیکہ ہمیں کوئی اندازہ نہیں تھا کہ ہم لوگ سرفہرست ہیں۔ تینوں نے ایس ایس ایل سی اور پی یو سی میں بھی اچھا مظاہرہ کیا اور آئی اے ایس آفیسر بننا ان کا خواب ہے اور غربت کو اس میں روکاٹ محسوس کرتے ہیں۔ گروراج کسان کا لڑکا ہے ۔ اس نے بتایا کہ میسور میں سہولت نہ ہونے پر انہوں نے کوچنگ سنٹر کیلئے بنگلور کا رخ کیا جہاں انہیں 50 فیصد ڈسکاونٹ کی پیشکش کی گئی۔ اس کے باوجود وہ 60 ہزار روپئے ادا کرنے کے موقف میں نہیں تھے۔ اس کے بعد وہ ڈاکٹر ریڈیز فاؤنڈیشن رجوع ہوئے جہاں تین ماہ کے کورس کی تکمیل کے بعد ملازمت کا تیقن دیا گیا ہے۔ تینوں نے آئی پی بی ایس اور دیگر امتحانات کیلئے بھی فارم داخل کئے تھے۔ نتیانند آنگن واڑی ورکر کا بیٹا ہے۔ اس کامیابی پر تینوں نے الوا کالج، اساتذہ اور ساتھی طلبہ سے اظہارتشکر کیا ہے جنہوں نے انہیں کیمپس میں تعلیم کے دوران بھرپور تعاون کیا۔ کالج کی جانب سے صرف سرکاری فیس لی گئی جبکہ ہاسٹل کی سہولت مفت دی گئی۔