تین کمشنریٹس میں 700 پولیس ملازمین کورونا متاثر

   

حیدرآباد: کورونا وباء نے تلنگانہ میں پولیس ڈپارٹمنٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔ شہر اور مضافاتی علاقوں کے تین کمشنریٹس کے تحت کورونا کی دوسری وباء سے 700 سے زائد پولیس ملازمین متاثر ہوئے اور ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ حیدرآباد میں 480 ملازمین پولیس کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں جبکہ دیگر دو کمشنریٹ میں 260 سے زائد ملازمین پولیس کورونا پازیٹیو پائے جانے کے بعد ہوم آئسولیشن میں ہیں۔ سینئر عہدیداروں کا کہنا ہے کہ معمولی علامات کے ساتھ متاثرہ ملازمین کا گھروں پر علاج جاری ہے ۔ تینوں کمشنریٹس کے تحت ملازمین پولیس نے ٹیکہ اندازی 78 تا 92 فیصد مکمل ہوچکی ہے۔ گزشتہ لاک ڈاون میں خدمات انجام دیتے ہوئے 34 ملازمین فوت ہوئے تھے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے پولیس ملازمین میں ٹیکہ اندازی 95 فیصد مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حیدرآباد میں 12,000 پولیس ملازمین کے منجملہ 79 فیصد نے ٹیکہ حاصل کیا ہے ۔