ثبوت ہیں تو سخت کارروائی کی جائے :کمل ناتھ

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے مرکزی حکومت کے ذریعہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) پر پابندی عائد کئے جانے کے سلسلے میں آج کہا کہ اگر ثبوت ہیں تو ہر تنظیم کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ، لیکن اگر پی ایف آئی پہلے ہی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے تو مرکزی حکومت اتنے وقت سے کیا کررہی تھی۔ کمل ناتھ نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ اگر کوئی ثبوت ہے کہ وہ دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے ، دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ ہے ، چاہے وہ پی ایف آئی ہو یا کوئی اور تنظیم، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔تاہم، انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو سیکورٹی کی ضرورت ہے اور اگر پی ایف آئی کی سرگرمیاں اتنے سال سے چل رہی ہیں تو یہ مرکزی حکومت کی ناکامی ہے ، حکومت اتنے سال سے کیا کر رہی تھی۔ پی ایف آئی آج پیدا نہیں ہوا، یہ کب سے رجسٹرڈ ہے ۔ اگر یہ پہلے ہی دہشت گرد تنظیموں سے جڑی تنظیم تھی تو اتنے سال سے مرکزی حکومت کیا کر رہی تھی؟