کالیشورم کمیشن کی نوٹس کے بعد بی آر ایس اور بی جے پی قائدین کی خفیہ ملاقاتیں : ڈی سریدھر بابو
حیدرآباد 2 جون (سیاست نیوز) ریاستی وزیر صنعت و آئی ٹی ڈی سریدھر بابو نے کہاکہ ’’جئے تلنگانہ‘‘ کا نعرہ کسی پارٹی کی جاگیر نہیں ہے بلکہ یہ تلنگانہ عوام کا نعرہ ہے اور کانگریس پارٹی نے ہی اِس نعرے کو حقیقی رنگ دیا ہے۔ پارٹی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سریدھر بابو نے کہاکہ بی جے پی اور بی آر ایس میں خفیہ اتحاد ہے۔ کے سی آر کی دختر کویتا نے ہی اس کا انکشاف کیا ہے۔ بی آر ایس اور بی جے پی ایک دوسرا سے علیحدہ نہیں ہیں، کویتا کا مکتوب اس کا کھلا ثبوت ہے۔ بی آر ایس کو بی جے پی میں ضم کرنے کی سازش ہونے کا کویتا نے اعتراف کیا ہے۔ یہ دو پارٹیاں کون کس کے خلاف سازش کررہی ہیں وہ خود اپنا محاسبہ کرلیں۔ کالیشورم کمیشن کی جانب سے کے سی آر کو دی گئی نوٹس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی وزیر صنعت نے کہاکہ کمیشن ایک خود مختار ادارہ ہے۔ اس کی سرگرمیوں سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ کمیشن کی جانچ کے دوران شاید صدرنشین کو کے سی آر کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں پر شکوک و شبہات پیدا ہوئے ہوں گے اِس لئے اُنھوں نے نوٹس جاری کی ہے۔ اِس نوٹس پر بی آر ایس اور بی جے پی سیاسی واویلا مچاتے ہوئے کانگریس حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ بی جے پی اور بی آر ایس کے اہم قائدین کالیشورم کی بدعنوانیوں سے بچنے کے لئے حکومت اور کمیشن پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ان نوٹسوں کی اجرائی کے بعد بی جے پی اور بی آر ایس کے قائدین خفیہ ملاقاتیں کررہے ہیں۔2