جئے شاہ نے آئی سی سی کے سربراہ کا عہدہ سنبھال لیا

   

دبئی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (BCCI) کے سبکدوش سکریٹری جے شاہ نے اتوار کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) کے صدر کا چارج سنبھالا۔ وہ اس عالمی تنظیم کی قیادت کرنے والے پانچویں ہندوستانی ہیں۔ 36 سالہ جئے شاہ گزشتہ پانچ سال سے بی سی سی آئی کے سکرٹری ہیں۔ وہ آئی سی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا متفقہ انتخاب تھا۔ جئے شاہ نے نیوزی لینڈ کے وکیل گریگ بارکلے کی جگہ لی، جو مسلسل تیسری مدت کیلئے عہدے پر رہنے کو تیار نہیں ہوئے۔ جئے شاہ سے پہلے تاجر آنجہانی جگموہن ڈالمیا، سیاست دان شرد پوار، وکیل ششانک منوہر اور صنعت کار این سری نواسن عالمی کرکٹ باڈی کی قیادت کرنے والے ہندوستانیوں میں شامل تھے۔ ہندوستان کے وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے جئے شاہ کا دور چیلنجوں سے شروع ہوگا کیونکہ آئی سی سی کو پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے لیے ‘ہائبرڈ ماڈل’ کو نافذ کرنے کے لیے ایک قابل قبول حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔