جاریہ سال کورونا ویکسین کی امید نہیں : ڈائرکٹر سی سی ایم بی

   

حیدرآباد۔ ڈائرکٹر سی سی ایم بی راکیش کے مشرا نے آج کہا کہ کورونا وائرس کیلئے کوئی ویکسین آئندہ سال کے اوائل سے قبل ممکن نہیں ہوسکتی کیونکہ طبی معائنوں اور ڈاٹا ٹسٹنگ کے عمل پورا کرنا ہوتا ہے ۔ واضح رہے کہ ایک دن قبل ہی انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے کہا تھا کہ 15 اگسٹ سے قبل کورونا کی ویکسین تیار کی جاسکتی ہے ۔ راکیش کے مشرا نے کہا کہ آئی سی ایم آر نے جو مکتوب جاری کیا ہے وہ ہوسکتا ہے کہ دواخانوں پر داخلی دباو بنانے کیلئے ہو کہ وہ اس ویکسین کی انسانی آزمائش کیلئے تیار ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سب کچھ منصوبہ کے مطابق ٹھیک ٹھاک ہوجائے تو بھی ہم چھ تا آٹھ ماہ کے بعد ہی کہہ سکتے ہیں کہ کورونا کی ویکسین تیار ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا اس لئے ہے کیونکہ اس کے تجربہ بہت زیادہ تعداد میں کرنے ہوتے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ در اصل ویکسین کی تیاری کیلئے کئی برس درکار ہوتے ہیں لیکن چونکہ اب دنیا انتہائی ضرورت میں ہے اس لئے آئندہ سال کے اوائل میں ممکن ہوسکتا ہے ۔