محکمہ تعلیم کی جانب سے حکومت کو تجاویز روانہ ، منظوری کے بعد تقررات کے عمل کا آغاز
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : جاریہ تعلیمی سال دوبارہ ودیا والینٹرس کی خدمات سے استفادہ کرنے کا امکان ہے اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم کی جانب سے تجاویز تیار کی جارہی ہے ۔ حکومت سے منظوری حاصل ہوتے ہی 12 ہزار ودیا والینٹرس کا تقرر کیا جائے گا ۔ ٹیٹ میں کوالیفائی ہونے والے امیدواروں کو سبجکٹ کی ضرورت کے لحاظ سے تقررات کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ گذشتہ 2 سال کے دوران کورونا بحران کے باعث اسکولس میں مناسب انداز میں تعلیمی سرگرمیاں جاری نہیں رہی ۔ جس سے ودیا والینٹرس کا نظام برقرار نہیں رہا ۔ گذشتہ سال اسکولس کی کشادگی عمل میں آئی ۔ تاہم حکومت نے ودیا والینٹرس کے تقررات پر کوئی توجہ نہیں دی ۔ حال ہی میں اعلان کردہ دسویں جماعت کے نتائج میں سرکاری اسکولس کے طلبہ کا جی پی اے گھٹا ہے ۔ جس کا عہدیداروں نے جائزہ لیا ہے ۔ ریاست میں تقریبا 20 ہزار ٹیچرس کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ بالخصوص سبجکٹس ٹیچرس کی بڑے پیمانے پر قلت ہے ۔ چند اسکولس میں موجود ٹیچرس کو ہی دوسرے سبجکٹس کی تعلیم پر توجہ دینا پڑرہا ہے ۔ اس طرح ٹیچرس کی قلت سے مزید مسائل پیدا ہونے کے امکانات ہیں ۔ توقع کی جارہی تھی کہ رواں سال حکومت کی جانب سے ٹیچرس کا تقررات کردیا جائے گا تاہم ترقیوں کا عمل مکمل نہ ہونے کی وجہ سے تقررات میں مزید تاخیر ہونے کے آثار نظر آرہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے جاریہ سال عارضی طور پر ودیا والینٹرس کی خدمات سے استفادہ کرنے کی عہدیداروں کی جانب سے تیار کی جارہی ہے ۔ تعلیمی سال 2019 میں 16 ہزار ودیا والینٹرس کا تقرر کیا گیا ۔ اس کے بعد ان کی تعداد گھٹا کر 12 ہزار کی گئی ۔ فی الحال اتنے ہی والینٹرس کی خدمات سے استفادہ کرنے کا عہدیدار جائزہ لے رہے ہیں ۔۔ ن