ریاض : سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقہ جازان میں پیر اور منگل کی درمیانی شب حوثیوں کی جانب سے داغا گیا میزائل گرنے سے 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جازان میں شہری دفاع ڈائریکٹوریٹ کے میڈیا ترجمان کرنل محمد بن یحییٰ الغامدی نے بتایا’ شہری دفاع کو جازان کے ایک سرحدی گاوں میں یمن سے میزائل داغے گئے میزائل کے گرنے کی اطلاع ملی تھی‘۔’جائے وقوعہ پر پہنچ کر پتہ چلا کہ یمن سے داغا گیا ملٹری پروجیکٹائل ایک عوامی مقام پر گرا ہے جس سے 5شہری زخمی ہو گئے‘۔ ’زخمیوں میں تین سعودی شہری اور دو یمنی شامل ہیں۔ ملٹری پروجیکٹائل کے ٹکڑے لگنے سے انہیں درمیانے درجے کے زخم آئے‘۔کرنل محمد بن یحییٰ الغامدی کے مطابق ’زخمیوں کو فوری طور پرطبی امداد کیلئے ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے‘۔ ترجمان نے بتایا اڑتے ہوئے ٹکڑے گرنے سے دو مکانات، ایک جنرل سٹور اور تین گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے‘۔واضح رہیکہ حوثیوں نے بارودی ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے مملکت کے شہری اہداف پر حملے تیز کر دیے ہیں۔